صوبے میں ہر سال 30 ہزارہنرمند افرادی قوت تیار کرنے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں،انیسہ زیب

دنیا کیساتھ ترقی کی دوڑ میں شامل ہونے کیلئے ہماری نئی نسل کو جدید فنی اور پیشہ ورانہ تعلیم سے آراستہ کرناضروری ہے،وزیرمحنت ومعدنی ترقی

پیر 21 مارچ 2016 21:29

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔21 مارچ۔2016ء) خیبر پختونخوا کی وزیر برائے محنت اور معدنی ترقی انیسہ زیب طاہر خیلی نے کہا ہے کہ دنیا کے ساتھ ترقی کی دوڑ میں شامل ہونے کے لئے ہماری نئی نسل کو جدید فنی اور پیشہ ورانہ تعلیم سے آراستہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے لہٰذا موجودہ صوبائی حکومت عصری علوم کے ساتھ ساتھ فنی اور جدید پیشہ ورانہ تعلیم و تربیت کو فروغ دینے کی غرض سے صوبے میں ہر سال 30 ہزارہنرمند افرادی قوت تیار کرنے کے لئے اقدامات کر رہی ہے جن کے سلسلے میں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے ٹیوٹاکو واضح ہدایات دی ہیں۔

خیبر پختونخوا میں تربیت یافتہ ہنرمندوں کی اشد ضرورت ہے اور یہ ضرورت پاک چایئنہ اقتصادی راہداری منصوبے کی وجہ سے مزید بڑھے گی اس لئے اس شعبے کی ترقی و ترویج پر زیادہ اہمیت دی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز مانسہرہ میں گورنمنٹ پولی ٹیکنک انسٹی ٹیوٹ مانسہرہ کی نئی عمارت کا افتتاح کرنے کے بعد منعقدہ تقریب سے خطاب کے دوران کیا جبکہ اس موقع پر وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے فنی تعلیم ارشد خان عمرزئی، ممبران صوبائی اسمبلی حاجی ابرار حسین اور گوہر نواز خان، سابق صوبائی وزیر شجاع خان، ضلع مانسہرہ کے ناظم و نائب ناظم اور بلدیاتی نمائندوں کے علاوہ عوام کی کثیر تعداد موجود تھی۔

قبل ازیں صوبائی وزیر محنت انیسہ زیب نے معاون خصوصی برائے فنی تعلیم ارشد خان عمرزئی کے ہمراہ 22کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والے گورنمنٹ پولی ٹیکنک انسٹی ٹیوٹ مانسہرہ کی نئی عمارت کا با ضابطہ طور پر افتتاح کیا جو تقریباً 48کنال اراضی پر محیط ہے اور مذکورہ تعلیمی ادارہ دور جدید کی سہولیات سے آراستہ چھ لیبارٹریز، آٹھ کلاس رومز، 2ہالوں، انڈسٹریل بلاک، اساتذہ ہاسٹل اور 12ڈرائنگ کمروں پر مشتمل ایک جامع منصوبہ ہے جس میں فی الوقت 2شفٹوں میں تقریباً ایک ہزار طلبہ فنی تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔

صوبائی وزیر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت کو جدید فنی اور پیشہ ورانہ علوم کی اہمیت کاادراک ہے کیونکہ دنیا کی بیشتر اقوام نے فنی علوم کا سہارا لے کر ترقی کی منازل طے کی ہیں اسلئے صوبے میں با مہارت لوگوں کی دستیابی کے لئے ٹھوس بنیادوں پر اقدامات کئے جا رہے ہیں اور اس ضمن میں فنی علوم کے سلسلے میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ اور ترقی کی غرض سے صوبے میں ملک کی سب سے پہلی فنی یونیورسٹی کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے جس سے فارغ التحصیل طلباء کو ہر جگہ با عزت روزگار مل سکے گا۔

صوبائی وزیر انیسہ زیب طاہر خیلی نے مزید کہا کہ مذکورہ پولی ٹیکنک انسٹی ٹیوٹ مانسہرہ کے قیام کا سنگ بنیاد 1995 میں اس وقت کے وزیر اعلیٰ اور قومی وطن پارٹی کے چیئرمین آفتاب احمد خان شیرپاؤ اور اس وقت کے وزیر فنی تعلیم اور موجودہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے رکھا تھا اور آج اس کا باضابطہ افتتاح بھی انہی کے دور اقتدار میں ہواہے ۔ بعد ازاں صوبائی وزیر نے مانسہرہ میں صوبائی حلقہ پی کے 57کے قومی وطن پارٹی کے کارکنوں کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اقتصادی ترقی کا عظیم منصوبہ پاک چائینہ اقتصادی راہداری مانسہرہ کے علاقے ہی سے ہی گزرے گا جس کی وجہ سے علاقے میں ترقی کے ایک نئے دور کا آغاز ہو گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ضلع مانسہرہ ہمارے صوبے میں معدنیات کے لحاظ سے زیادہ قیمتی معدنی دولت سے مالا مال ہے اور اس ضلع کی ترقی و خوشحالی کے لئے صوبائی حکومت تندہی سے کام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پورے صوبے میں حکومت معدنیات والے علاقوں کے انفراسٹرکچر کی بحالی کے لئے اقدامات اٹھا رہی ہے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ قومی وطن پارٹی کے قائد آفتاب احمد خان شیرپاؤ نے پارٹی عہداروں کو ہدایات دی ہیں کہ عوامی مسائل کے بہتر حل کے لئے عوامی سطح پر زیادہ روابط استوار کئے جائیں انہوں نے کہا کہ بلدیاتی نمائندے لوکل گورنمنٹ قانون کے تحت عوام کی علاقائی سطح پر بہتر انداز میں خدمت کریں اوراپنے قانونی اختیار کا صیحح علم رکھیں۔

آخر میں صوبائی وزیر نے مانسہرہ یونین آف جرنلسٹ کی نو منتخب کابینہ سے انکے عہدوں کا حلف لیا اور انہیں نئی ذمہ داریاں سنبھا لنے پر مبارکباد دی۔

متعلقہ عنوان :