وزیراعلیٰ سندھ سیدقائم علی شاہ نے سندھ فوڈ اتھارٹی کے قیام کی منظوری دیدی

پیر 21 مارچ 2016 20:20

کراچی ۔ 21 مارچ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔21 مارچ۔2016ء) وزیراعلیٰ سندھ سیدقائم علی شاہ نے سندھ فوڈ اتھارٹی کے قیام کی منظوری دیدی ہے،مسودہ محکمہ قانون و پارلیمانی امور کو بھجوا دیا گیا ہے۔ محکمہ خوراک کے افسر نے ”اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔21 مارچ۔2016ء“ کو بتایا کہ سندھ فوڈ اتھارٹی کے ڈرافٹ بل پر وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے دستخط کر دیئے ہیں اور بل محکمہ قانون و پارلیمانی امور کو بھجوا دیا گیا ہے جو اس کے قانونی تقاضوں اور دیگر امور کا جائزہ رہا ہے اس کے بعد بل کو سندھ اسمبلی میں پیش کیا جائے گا۔

فوڈ اتھارٹی کے اسٹرکچر کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ بل میں تجویز دی گئی ہے کہ وزیر خوراک سندھ کواتھارٹی کا چیئرمین بنایا جائے ، اس کے علاوہ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل کے پاس تمام انتظامی معاملات کو سنبھالنے کا اختیار ہو، اس کا ہیڈ کوارٹر کراچی میں ہوگا جبکہ سندھ کے دیگر ڈویژنز لاڑکانہ، سکھر، حیدرآباد، میرپور خاص اور شہید بے نظیر آباد میں اس کے ریجنل دفاتر قائم کئے جائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ فوڈ سیفٹی افسر تعینات کئے جائیں گے جو اپنے علاقے میں ناقص خوراک اور دیگر متعلقہ امور کا جائزہ لیں گے۔ فوڈ اتھارٹی کے پاس مکمل اختیار ہوگا کہ وہ ناقص و زائد المعیاد خوراک فروخت کرنے والوں کو نہ صرف جرمانہ کرے بلہ اور دیگر سزائیں بھی دے سکے۔ انہوں نے کہا کہ بل میں یہ بھی تجویز دی گئی ہے کہ خلاف ورزی کرنے والوں کو 10 لاکھ روپے تک کا جرمانہ کیا جائے، اس کے علاوہ جرمانوں کی تین کیٹیگری بنائی گئی ہیں جس میں مضر صحت خوراک کھانے سے جزوی متاثر، مکمل متاثر اور موت واقع ہو جانے کی صورت میں فروخت کرنے والے کو مختلف نوعیت کے جرمانے کئے جائیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ سندھ فوڈ اتھارٹی کے ڈرافٹ بل کو تیار کرنے سے پہلے پنجاب فوڈ اتھارٹی ایکٹ کا بھی بغور جائزہ لیا گیا تاکہ وہاں سے بھی معاونت حاصل کی جاسکے۔

متعلقہ عنوان :