باجوڑ میں بازاروں اور موبائل سروس کی بندش بلاجواز ہے ،ہارون بشیر بلور

حکومتیں خیبر پختونخوا اور قبائلی عوام کے ساتھ گزشتہ تین سال سے سوتیلی ماں جیسا سلوک روا رکھے ہوئے ہیں، رہنماء اے این پی

پیر 21 مارچ 2016 20:06

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔21 مارچ۔2016ء) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی ترجمان ہارون بشیر بلور نے باجوڑ میں بازاروں اور موبائل سروس کی بندش کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ باجوڑ میں بازاروں اور موبائل سروس کی بلاجواز بندش کا فوری طور پر نوٹس لیا جائے ،اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ باجوڑ میں بغیر کسی وجہ کے بازار اور موبائل سروس بند کئے گئے ہیں جس کی وجہ سے غریب عوام پر روزگار کے دروازے بند کر دیئے گئے ہیں جبکہ موبائل سروس کی بندش سے ان کا رابطہ ملک کے دیگر حصوں میں بسنے والے اپنے پیاروں سے کٹ کر رہ گیا ہے ، انہوں نے کہا کہ حکومت لوگوں کو روزگار دینے کے وعدے پر اقتدار میں آئی لیکن خیبر پختونخوا اور قبائلی عوام کے ساتھ گزشتہ تین سال سے سوتیلی ماں جیسا سلوک روا رکھا ہوا ہے ، انہوں نے کہا کہ نواز شریف پنجاب کو ہی پاکستان تصور کر بیٹھے ہیں اور خیبر پختونخوا سے ان کو مینڈیٹ نہ ملنے کی سزایہاں کے عوام کو دی جا رہی ہے ، ہارون بشیر بلور نے کہا کہ قبائلی عوام نے امن کے قیام کیلئے اپنے گھر بار چھوڑے اور اپنے ہی خطے میں آئی ڈی پیز بن گئے تاہم مرکزی حکومت کو ان کی قربانیوں اور مسائل کا ادراک نہیں ، انہوں نے کہا کہ باجوڑکے عوام کے مسائل کا فی الفور نوٹس لیتے ہوئے وہاں کے بازار اور موبائل سروس بحال کی جائے تاکہ مسائل کی چکی میں پسنے والے عوام اپنا روزگار جاری رکھ سکیں ۔