کراچی کے علاقے سائٹ میں فیکٹری کے گودام میں لگنے والی آگ پر قابو پالیا گیا

آگ لگنے کے دوران دھویں کی شدت سے ایک ملازم کی حالت تشویشناک ہوگئی ،کولنگ کا عمل دو دن جاری رہنے کا امکان

پیر 21 مارچ 2016 19:59

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔21 مارچ۔2016ء) کراچی کے علاقے سائٹ میں فیکٹری کے گودام میں لگنے والی آگ پر قابو پالیا گیا ، سائٹ میں رنگوں فیکٹری کے زیر زمین گودام میں اچانک آگ لگ گئی تھی-فیکٹری کے گودام میں لگنے والی آگ پر قابو پانے کے لئے 11فائر بریگیڈ کی گاڑیوں ا ور 3 واٹرباوزر نے کئی گھنٹے کی جدو جہد کے بعد قابو پا لیا ۔

آگ لگنے کے دوران دھویں کی شدت سے ایک ملازم کی حالت تشویشناک ہوگئی تاہم فائر بریگیڈ حکام کے مطابق اب کولنگ کا عمل جاری ہے جس میں تقریبا دو دن لگ سکتے ہیں۔ فائر بریگیڈکے مطابق کراچی کے صنعتی علاقے سائٹ میں رنگ بنانے والی کمپنی کے زیر زمین گودام میں اچانک آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے فیکٹری کے بڑے حصے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

(جاری ہے)

فیکٹری کی انتظامیہ نے فوری طور پر آگ کو بڑھنے سے بچانے اور ملازمین کو نکالنے کے لئے اقدامات شروع کردیئے جس کے نتیجے میں ملازمین کو محفوظ طریقے سے متاثرہ مقام سے نکال لیا گیا۔ گودام میں لگنے والی آگ پر قابو پانے کے لئے 11فائر بریگیڈ کی گاڑیوں ا ور 3 واٹرباوزر نے کئی گھنٹے کی جدو جہد کے بعد قابو پا لیا ۔ فائر بریگیڈ حکام کا کہنا ہے کہ فیکٹری میں دھوئیں کے باعث فیکٹری کے ایک ملازم کو حالت غیر ہونے پر قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ فائر بریگیڈ حکام کے مطابق کولنگ کا عمل بھی کافی وقت جاری رہے گا، فیکٹری میں آگ لگنے کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی ہے تاہم تحقیقات جاری ہیں۔

متعلقہ عنوان :