واپڈا نے تربیلا ہائیڈل پاور سٹیشن کے موجودہ سوئچ یارڈ کی اپ گریڈیشن کا کنٹریکٹ ایوارڈ کردیا

اپ گریڈیشن کا مقصد تربیلا کے چوتھے توسیعی منصوبے کی تکمیل پر تربیلا ہائیڈل پاور سٹیشن کی بجلی قومی نظام میں شامل کرنا ہے معاہدے پر دستخط کی تقریب واپڈا ہاؤس میں منعقد ہوئی ، چیئرمین واپڈا ظفر محمود بھی تقریب میں موجود تھے

پیر 21 مارچ 2016 19:50

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔21 مارچ۔2016ء) واپڈا نے تربیلا ہائیڈل پاور سٹیشن کے موجودہ سوئچ یارڈ کی اپ گریڈیشن کیلئے کنٹریکٹ تین چینی کمپنیوں پر مشتمل کنسورشیم کو ایوارڈ کردیا۔ سوئچ یارڈ کی اپ گریڈیشن کا مقصد تربیلا کے چوتھے توسیعی منصوبے کی تکمیل کے بعد تربیلا ہائیڈل پاور سٹیشن سے پیدا ہونے والی بجلی کو نیشنل گرڈ میں شامل کرنا ہے۔

کنٹریکٹ کی مالیت 25ملین امریکی ڈالر کے مساوی ہے ۔ معاہدے کے مطابق سوئچ یارڈ کی اپ گریڈیشن مئی 2017ء کے اختتام تک مکمل کرلی جائے گی۔کنٹریکٹ پر دستخط کرنے کی تقریب واپڈا ہاؤس میں منعقد ہوئی۔ تربیلا چوتھے توسیعی پن بجلی منصوبے کے پراجیکٹ ڈائریکٹر سہیل خان نے واپڈا جبکہ کاؤ یوتاؤ (Cao Yutao) نے کنسورش کی جانب سے معاہدے پر دستخط کئے۔

(جاری ہے)

چیئرمین واپڈا ظفر محمود ، ممبر (واٹر) محمد شعیب اقبال ، ممبر (پاور) بدر المنیر مرتضیٰ ، ممبر (فنانس) انوار الحق ، جنرل منیجر (تربیلا ڈیم پراجیکٹ) اقبال مسعود صدیقی اور واپڈا کے دیگر سینئر آفیسرز تقریب میں شریک تھے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین واپڈا نے کنسورشم پر زور دیا کہ وہ اس بات کو یقینی بنائے کہ سوئچ یارڈ کی اپ گریڈیشن مدت اور مطلوبہ معیار کے مطابق مکمل ہو۔ کنسورشیم کے نمائندے نے واپڈا کو اس امر کی یقین دہانی کرائی کہ اپ گریڈیشن کا عمل کنٹریکٹ میں درج مدت اور تکنیکی معیار کے مطابق مکمل کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :