وزیر اعظم محمد نواز شریف کا ایران پر بین الاقوامی اقتصادی پابندیوں کے خاتمے پر خوشی کا اظہار

دوطرفہ تجارت کی موجودہ سطح دونوں ممالک کے درمیان موجود بے شمار مواقع سے ہم آہنگ نہیں ٗکوششیں دوگنا کرنا ہوگی ٗایرانی سفیر

پیر 21 مارچ 2016 19:48

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔21 مارچ۔2016ء) وزیر اعظم محمد نواز شریف نے ایران پر بین الاقوامی اقتصادی پابندیوں کے خاتمے پر خوشی کا اظہار کر تے ہوئے کہاہے کہ پابندیاں اٹھنے سے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی اور اقتصادی روابط کی تیز تر بحالی کی راہ ہموار ہوگی ٗرواں ہفتے ایرانی صدر کے دورہ پاکستان کے منتظر ہیں ٗ دورے سے ہمیں وسیع تر دوطرفہ تعلقات کا جائزہ لینے اور برادرانہ تعلقات کو مزید تقویت دینے کا موقع ملے گا۔

وہ پیر کو پاکستان میں ایران کے سفیر مہدی ہنر دوست سے ملاقات کے دور ان بات چیت کررہے تھے ۔ وزیراعظم نواز شریف نے ایرانی سفیر کو نئی ذمہ داری سنبھالنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ امید نئے سفیر دونوں برادر ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے استحکام میں قابل قدر کردار ادا کریں گے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے کہا کہ وہ رواں ہفتہ صدر روحانی کا خیرمقدم کرنے کے منتظر ہیں ٗاس دورہ سے ہمیں وسیع تر دوطرفہ تعلقات کا جائزہ لینے اور برادرانہ تعلقات کو مزید تقویت دینے کا موقع ملے گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ معیشت کی بحالی اور پاکستان میں توانائی کی قلت پر قابو پانا موجودہ حکومت کے ترجیحی شعبہ جات ہیں ٗملک میں اقتصادی استحکام اور ترقی کے حصول کا ہمارا وژن خطے میں استحکام کے ساتھ منسلک ہے، ہم وسیع تر تجارت اور کاروباری تعاون میں اضافے کیلئے علاقائی رابطوں کے فروغ کے ایجنڈے پر عمل درآمد پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ٗ پاکستان خطے میں دستیاب کاروباری اور تجارتی مواقع تلاش کرنے میں گہری دلچسپی رکھتا ہے جو ہمسایہ ممالک کے لئے بھی باہمی طور پر مفید ثابت ہوں گے۔

ایرانی سفیر مہدی ہنر دوست نے پرتپاک خیرمقدم پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان دوطرفہ تجارت کی موجودہ سطح دونوں ممالک کے درمیان موجود بے شمار مواقع سے ہم آہنگ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں وزیراعظم نواز شریف کے مئی 2014ء میں ایران کے دورہ کے دوران ان کے اور صدر روحانی کی طرف سے مقرر کردہ 5 ارب ڈالر کے ہدف کے حصول کے لئے اپنی کوششوں کو دوگنا کرنے کی ضرورت ہے۔ ملاقات میں وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی اور دیگر سینئر حکام بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :