نئی آٹو پالیسی کی بدولت سرمایہ کاری اور روزگار میں اضافہ ہو گا ‘ پیاف

ملکی معیشت میں استحکام پیدا کرنے میں مددگار ثابت ہو گی ‘ عرفان اقبال شیخ

پیر 21 مارچ 2016 18:50

لاہو ر( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔21 مارچ۔2016ء ) پاکستان انڈسٹریل اینڈ ٹریڈرز ایسو سی ایشن فرنٹ(پیاف) نے نئی آٹو پالیسی کو موجودہ ملکی حالات کے تناظر میں خوش آئند قرار دیا ہے، پاکستان میں نئے مینو فیکچرنگ یونٹس قائم ہونے سے روز گار کے بے شمار مواقع قائم ہونے کے ساتھ ساتھ انقلابی تبدیلیاں رونما ہونگی۔چیئرمین پیاف عرفان اقبال شیخ، سیئنر وائس چیئر مین تنویر احمد صوفی اور وائس چیئرمین پیاف خواجہ شاہ زیب اکرم کے ساتھ ایک مشترکہ بیان جاری کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ڈھائی سال کے انتظار کے بعد ای سی سی نے پانچ سالہ آٹو پالیسی کوجاری کیا ہے جو ملکی معیشت میں استحکام پیدا کرنے میں مددگار ثابت ہو گی، نئے پلانٹس لگانے کی ترغیب میں اضافہ ہو گا کیونکہ مشینری اور آلات کی درآمد پر سو فیصد کسٹم ڈیوٹی کی چھوٹ دی گئی ہے ۔

(جاری ہے)

عرفان اقبال شیخ نے کہا کہ اب بین الاقوامی کمپنیاں ملک میں اپنے پلانٹس باآسانی لگا سکتی ہیں جس سے سرمایہ کاری اور روزگار میں اضافہ ہو گا۔ و ائس چیئرمین پیاف خواجہ شاہ زیب اکرم نے کہا کہ نئی آٹوپالیسی امید کی ایک کرن ہے، پالیسی روزگار بڑھانے میں معاون ثابت ہو گی، ملکی و غیر ملکی سطح پر مقابلے کی فضاء پیدا ہو گی، صارفین کو معیاری اور سستی گاڑیاں میسر ہونگی۔ انھوں نے کہانئی آٹو پالیسی کے اہداف پورے کرنے کے لئے صنعتوں کو بجلی و گیس کی لوڈ شیڈنگ سے مستشنیٰ قرار دیا جائے۔