پاکستان سعودی عرب کے ساتھ تعلقات کوا نتہائی اہمیت دیتا ہے،علاقائی امن و سلامتی کیلئے سعودی عرب کا کردارقابل تحسین ہے ، دہشتگردی اور انتہا پسندی سے خطے میں ترقی کی کوششوں کو شدید نقصان پہنچا، علاقے میں قیام امن کیلئے مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے

سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کی سعودی سفیر عبداﷲ مرضوق الزہری سے ملاقات میں گفتگو

پیر 21 مارچ 2016 18:38

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔21 مارچ۔2016ء) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے اور دونوں برادر ممالک مذہب، تاریخ اور ثقافت کے لازوال رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں، دہشت گردی اور انتہا پسندی نے خطے میں ترقی کی کوششوں کو شدید نقصان پہنچایا ہے خطے میں امن و امان کے قیام اورخوشحالی کے لئے مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے ۔

وہ پیر کو یہاں پارلیمنٹ ہاؤس میں سعودی سفیر عبداﷲ مرضوق الزہری سے ملاقات میں گفتگو کررہے تھے ۔سعودی سفیر سے گفتگو کرتے ہوئے سردار ایاز صادق نے کہا کہ دہشت گردی اور انتہا پسندی نے خطے میں ترقی کی کوششوں کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خطے میں امن و امان کے قیام اورخوشحالی کے لئے مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے اور اس سلسلے میں سعودی عرب کا کردار قابل تحسین ہے۔

(جاری ہے)

سپیکر قومی اسمبلی نے اس موقع پر کہا کہ دونوں ممالک کے مابین تعلقات کو مستحکم کرنے کے لئے پارلیمانی وفود کے تبادلوں اور عوامی سطح پر روابط کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔سعودی عرب کے سفیر عبداﷲ مرضوق الزہری نے سپیکر قومی اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب خطے میں ترقی و خوشحالی کا خواہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی اور انتہا پسندی کی بنیادی وجہ اسلامی تعلیمات سے رو گردانی ہے جس کے خاتمے کے لئے اسلامی تعلیمات اور اس کے امن کے پیغام کو پھیلانے کی ضرورت ہے۔انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان پارلیمانی وفود کے تبادلوں کے ذریعے برادرانہ تعلقات کو مزید وسعت حاصل ہوگی۔