کراچی، رینجر زچوکیوں پر حملے انتہائی تشویشناک ہیں،ڈی جی رینجرز کا بیان غور طلب ہے ،علامہ تاج محمد حنفی

پیر 21 مارچ 2016 18:30

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔21 مارچ۔2016ء) ایک ہفتہ میں رینجرز چوکیوں پر چار حملے انتہائی تشویشناک ہیں جبکہ ڈی جی رینجرز کا لسانی جماعت کے ملوث ہونے کا بیان بھی غور طلب ہے ، رینجرز چوکیوں پر حملوں کی شدید مذمت کرتے ہیں ،امن دشمنو ں کو کراچی کا امن برداشت نہیں ہو رہا اسلئے وہ اوچھے ہتھکنڈے اپنا کر اپنی دشمنی کا اظہار کررہے ہیں ، کراچی میں امن کی بحالی کے لئے رینجرز نے جو کردار ادا کیا وہ قابل تحسین ہے مشکل کی اس گھڑی اور کراچی میں امن کی مکمل بحالی کے لئے رینجرز کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں ان خیالات کا اظہار سیکریٹری جنرل اہل سنت والجماعت کراچی علامہ تاج محمد حنفی نے یوسفی مسجد لیاری میں کارکنان کی تربیتی نشست سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ان کا کہنا تھا کہ شہر قائد کا امن اہل سنت والجماعت کی دیرینہ خواہش ہے جس کی تکمیل کے لئے ہزاروں لاشے اٹھا چکے ہیں اس خواہش کی تکمیل کے لئے ہرممکن کوشش جاری رکھیں گے، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں رینجرز کے ساتھ کھڑے ہیں ، کارکنان بد امنی کے خاتمہ کے لئے رینجرز کے ساتھ مکمل تعاون جاری رکھیں کسی بھی قسم کی مشکوک سرگرمی دیکھیں تو فورا رینجرز کی جاری کردہ ہیلپ لائن پر مطلع کریں ، آخر میں انہوں نے اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہمارا ہے اور وطن سے اظہار محبت کے لئے 23مارچ یوم پاکستان پر ’’ہمارا پاکستان ‘‘ ریلی بیت المکرم مسجد گلشن اقبال سے جیل چورنگی تک نکالیں گے ،کارکنان سبز ہلالی پرچم ہمراہ لے کر آئیں۔

متعلقہ عنوان :