رینجرز ریکروٹس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ ،643ریکروٹس باوقار طور پر پاکستان رینجرز پنجاب کے دستوں میں شامل

وطن عزیز کی ترقی میں ہونیوالے منصوبوں ،چائنہ پاکستان اقتصادی راہداری کی حفاظت کا اہم فریضہ بھی آپ ہی سرانجام دینگے‘ میجر جنرل عمر فاروق برکی

پیر 21 مارچ 2016 18:22

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔21 مارچ۔2016ء) پنجاب رجمنٹ سنٹر مردان میں رینجرز ریکروٹس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کی شاندار اور پروقار تقریب منعقد ہوئی جس میں 643ریکروٹس نے حلف اٹھایا اور باوقار طور پر پاکستان رینجرز پنجاب کے دستوں میں شامل ہو گئے ۔ اس تقریب کے مہمان خصوصی ڈائریکٹر جنرل پاکستان رینجرز پنجاب میجر جنرل عمر فاروق برکی تھے ۔

جبکہ تقریب میں اعلیٰ سرکاری افسران ، سول سوسائٹی اور تربیت مکمل کرنے والوں کے اہل خانہ نے خصوصی شرکت کی ۔ مہمان خصوصی ڈی جی رینجرز میجر جنرل عمر فاروق برکی کی آمد پر کمانڈنٹ پاکستان رینجرز اکیڈمی کرنل ندیم اسلم اور دوسرے اعلیٰ رینجرز افسران نے انکار استقبال کیا ۔ تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا ۔

(جاری ہے)

مہمان خصوصی نے پریڈ کا معائنہ کیا اور سلامی لی ۔

مہمان خصوصی نے جوانوں کے بلند حوصلے ، جذبے اور تربیت کے اعلیٰ معیار کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ پنجاب رینجرز کے بہادر اور پرعزم جوان ملک و قوم کا قیمتی سرمایہ ہیں جس پر پوری قوم کو فخر ہے ۔انہوں نے کہا کہ پنجاب رینجرز میں شامل ہو کر ملک کی مشرقی سرحدوں کی نگہبانی کرنے کے علاوہ اندرونی طور پر امن و امان کے قیام میں اہم کردار ادا کرنے کے سفر کا آغاز کر رہے ہیں بلکہ وطن عزیز کی ترقی میں ہونے والے منصوبوں اور چائنہ پاکستان اقتصادی راہداری کی حفاظت کا اہم فریضہ بھی آپ ہی سرانجام دیں گے ۔

رینجرز کو ہمیشہ یہ اعزاز حاصل رہا ہے کہ اس کے بہادر اور دلیر جوانوں نے سب سے پہلے مادر وطن کی سرحدوں کا دفاع کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آج اندرونی طور پر ہمارے ملک کو انتہا پسندی اور دہشت گردی جیسی عفریتوں کا سامنا ہے ۔ دہشت گرد اور انتہا پسند اقلیت میں ہونے کے باوجود ہمارے سیاسی اورسماجی نظام کو غیر مستحکم کرنے کے درپے ہیں۔ ملک کے اندرونی اور بیرونی دشمنوں کی جانب سے دہشت گردی کے سدباب اور بیخ کنی کی ذمہ داری ملک کے دوسرے قانون نافذ کرنے والے اداروں اور فوج کے ساتھ ساتھ پنجاب رینجرز کے لئے بھی ایک بہت بڑا چیلنج ہے ۔

آپ کو چاہیے کہ نئے دور کے تقاضوں کے مطابق جدید ہتھیاروں اور تدابیر میں مہارت حاصل کریں ۔ امتحان کی اس گھڑی میں ہم سب نے ہر قدم اور ہر ساعت اپنے پیارے ملک اور قوم کی حفاظت کو اپنی جانوں سے افضل رکھا ہے ۔ آخر میں تربیت کے دوران مختلف مراحل میں اعلیٰ کارکردی کا مظاہرہ کرنے والے جوانوں میں انعامات تقسیم کیے گئے ۔