وزیر اعظم سے ایرانی سفیر کی ملاقات ،پاک ایران تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو

ایران پر عالمی اقتصادی پابندیاں ہٹنے سے دو طرفہ اقتصادی و تجارتی تعلقات بحال ہونگے، نواز شریف ایرانی صدر حسن روحانی کے رواں ہفتے دورہ پاکستان کے منتظر ہیں،توقع ہے کہ ایرانی صدر کا دورہ تعاون کی نئی راہیں ہموار کریگا، تجارتی حجم 5ارب ڈالر تک لے جانے کا ہدف حاصل کرنا چاہتے ہیں، مہدی ہنر دوست

پیر 21 مارچ 2016 17:28

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔21 مارچ۔2016ء) وزیر اعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ ایران سے عالمی اقتصادی پابند یوں کا خاتمہ خوش آئند ہے،پابندیاں ہٹنے سے دو طرفہ اقتصادی و تجارتی تعلقات بحال ہونگے،تجارتی تعاون کے فروغ کے لیے علاقائی روابط کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں،علاقائی تعاون کے ویژن کا فائدہ خطے کے تمام ممالک کو ہوگا،پاکستان ایران کے ساتھ تاریخی تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے،ایران کو قریبی دوست اور ہمسایہ سمجھتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے پیر کے روز ایرانی سفیر مہدی ہنر دوست کے ساتھ ہونے والی ملاقات کے دوران کیا۔وزیر اعظم محمد نواز شریف نے ایرانی سفیر مہدی ہنر دوست کو سفارتی زمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباددیتے ہوئے کہنا تھا کہ ایرانی صدر حسن روحانی کے رواں ہفتے دورہ پاکستان کے منتظر ہیں،توقع ہے کہ ایرانی صدر کا دورہ تعاون کی نئی راہیں ہموار کریگا،دو طرفیہ تعاون اور برادرانہ تعلقات کا تفصیل سے جائزہ لیں گے،معاشی بحالی کے لیے توانائی کی قلت پر قابو پانا ہماری پہلی ترجیح ہے،معاشی استحکام اور ملکی ترقی کا ویژن علاقائی استحکام سے براہ راست جڑا ہے،خطے میں تجارت و اقتصادی سرگرمیوں کے تمام مواقع سے استفادہ چاہتے ہیں،علاقائی تعاون کے ویژن کا فائدہ خطے کے تمام ممالک کو ہوگا۔

(جاری ہے)

پاکستان میں تعینا ت ہونے والے نئے ایرانی سفیر مہدی ہنر دوست کا کہناتھا کہ پاکستان اور ایران کا موجودہ تجارتی حجم صلاحیت سے بہت کم ہے،باہمی تجارتی حجم 5ارب ڈالر تک لے جانے کا ہدف حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ایرانی سفیر کا مزید کہنا تھا کہ سعودیہ عرب ایران کشیدگی ختم کروانے میں پاکستان کا کردار اہم ہے۔

متعلقہ عنوان :