امریکی پابندیوں اورعالمی دباؤ کے باوجود شمالی کوریا کی جانب سے مزید5 میزائل تجربات

پیر 21 مارچ 2016 16:58

پیانگ یانگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔21 مارچ۔2016ء) شمالی کوریا نے امریکی پابندیوں اورعالمی دباؤ کو مسترد کرتے ہوئے کم فاصلے تک مار کرنے والے مزید5 میزائل تجربات کیے ہیں جو سمند ر میں داغے گئے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی پابندیوں اورعالمی دباؤ کے باوجود شمالی کوریا کی جانب سے میزائل تجربات کا سلسلہ جاری ہے ۔شمالی کوریا نے کم فاصلے تک مار کرنے والے مزید5 میزائل تجربات کیے ہیں۔

(جاری ہے)

اس سے کچھ روز قبل پیانگ یانگ نے درمیانے فاصلے تک مار کی صلاحیت کے حامل دو میزائل تجربات کیے تھے۔ اس اقدام کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے قراردادوں کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے ناقابل قبول کہا تھا۔ رواں برس جنوری کی چھ تاریخ کو شمالی کوریا کی جانب سے جوہری تجربے کے بعد سے جزیرہ نما کوریا میں شدید کشیدگی جاری ہے۔ اس کے بعد شمالی کوریا ایک راکٹ بھی فائر کرچکا ہے، جسے ماہرین طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائل کا تجربہ قرار دیتے ہیں۔