پاکستانی سیکیورٹی فورسز نے پاکستان میں قیام امن کیلئے قربانیاں دی ہیں، سینیٹر پرویزرشید

پیر 21 مارچ 2016 16:27

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔21 مارچ۔2016ء) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہاہے کہ پاکستانی سکیورٹی فورسز نے پاکستان میں امن کے قیام کیلئے قربانیاں دی ہیں، پوری دنیا نے پاکستانی قربانیوں کو تسلیم کیا ہے ‘موجودہ حکومت کی کوششوں کے باعث توانائی کا بحران کم ہوا ہے ‘ آئندہ آنے والے دنوں میں مزید کم ہوگا ،بانی پاکستان کی خواہش کے مطابق اپنے ہمسائیوں کے ساتھ اچھے تعلقات کے خواہاں ہیں ۔

پیر کو اسلام آباد میں قیام پاکستان کے دوران اہم کردار ادا کرنے والی خواتین کے کردار کے حوالے سے رکھی گئی تصویری نمائش میں شرکت کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے پرویز رشید نے کہا کہ موجودہ حکومت کی کاوشوں کے باعث ملک سے توانائی کا بحران کم ہوا ہے اور آئندہ آنے والے دنوں میں مزید کم ہو گا اور ہمیں اس بحران سے چھٹکارا بھی ملے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ بین الاقوامی برادری میں پاکستان کی اہمیت کو اسی طرح تسلیم کیا جانے لگا ہے جس طریقے سے قائد اعظم کی خواہش تھی کہ ہم بین الاقوامی برادری کا حصہ ہوں، دنیا کے مسائل حل کرنے میں اپنا کردار ادا کریں اور ہمیں بھی دنیا کا تعاون حاصل ہو۔

وزیر اطلاعات پرویز رشید نے کہاکہ بانی پاکستان کی خواہش تھی کہ ہم اپنے ہمسایوں کے ساتھ اچھے تعلقات قائم کریں تاکہ خطے میں پائی جانے والی غربت کو کم کیا جا سکے اور آج کا پاکستان اپنے قائد کے تمام تر فرمودات پر یقین رکھتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ خواتین ہمارے معاشرے کا لازمی جزو ہیں، ان کی موجودگی کو نہ صرف تسلیم کیا گیا ہے بلکہ ان کے کردار کو ان کی اہمیت کے پیش نظر مقام دینے کے لئے حکومت نے بہت سے قوانین متعارف کرائے ہیں۔

خواتین کے کردار کو سرکاری ملازمتوں مین زیادہ حقوق دیئے گئے ہیں، وراثت کے خواتین میں خواتین کو محروم رکھا جاتا تھا اس میں تبدیلی کی گئی، خواتین پر تشدد کے واقعات کو روکنے کے لئے قوانین سازی کی گئی جس کو نہ صرف پاکستان کی خواتین نے بلکہ تمام شہریوں نے ان قوانین کو تسلیم بھی کیا ہے اور اس پر خوشی کا اظہار بھی کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ یہ کتنی اچھی بات ہے کہ ہماری ویمن ٹیم نے بھارت میں کرکٹ میچ بھی جیتا اور اس غم کو کچھ کم کیا جو ہمارے بیٹوں نے بھارت سے ہار کر دیا تھا، ہمیں اپنی ایک بیٹی کی وجہ سے ہی نوبل انعام ملا جب کہ اپنی ایک بہن کی وجہ سے ہی بین الاقوامی سطح پر ہمیں فن کی دنیا میں سراہا گیا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ تحریک پاکستان میں بھی قائداعظم کے ساتھ ان کی بہن تھیں اور ان کے ساتھیوں کے ساتھ ان کی بیگمات تھیں اور اس سلسلے کو پاکستان نے آج بھی جاری رکھا ہوا ہے۔ انہوں نے کہاکہ یہ بات یقینا ہم سب کے لئے فخر کا سبب ہے کہ پاکستان میں رنگ، نسل، عقیدے اور جنس کی بنیاد کو کوئی امتیاز نہیں برتا جاتا اور ہر ایک کو فرد کے طور پر تسلیم کیا جا تا ہے۔

پرویز مشرت کے پاکستان واپسی سے متعلق پوچھے گئے سوال پر وفاقی وزیر نے کہاکہ آج کی تقریب جس موضوع پر رکھی گئی ہے اسی موضوع پر بات کی جائے تو زیادہ بہتر ہے۔ انہوں نے کہاکہ اگر کسی کو پرویز مشرف کے ملک سے باہر جانے کے حوالے سے میرا جواب چاہیے تو وہ آج کے اخبارات میں موجود ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ہر شہری کیلئے برابری اور انصاف قائد کا وژن تھا ‘آزاد ملک کے حصول کے بعد اس مقاصد کیلئے کوشاں ہیں ‘پاکستان کا ہر شہری برابر ہے، ان میں کوئی تفریق نہیں۔

متعلقہ عنوان :