عدلیہ پرویز مشرف کو انٹرپول کے ذریعے واپس لانے کاحکم دیتی ہے تو حکومت تعمیل کریگی ‘ پرویز رشید

پیر 21 مارچ 2016 14:53

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔21 مارچ۔2016ء) وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ عدلیہ پرویز مشرف کو انٹرپول کے ذریعے واپس لانے کاحکم دیتی ہے تو حکومت تعمیل کریگی ‘ خطے کے امن کیلئے ہمسائیوں سے اچھے تعلقات پر یقین رکھتے ہیں ‘ خواتین ہمارے معاشرے کا لازمی جزو ہیں ‘ قوم کی بیٹیوں نے بھارت کے خلاف میچ جیت کر بیٹوں کے ہار نے کا دکھ کم کر دیا ہے ‘ آئندہ دنوں میں بجلی کا بحران مزید کم ہوگا ۔

پیر کو نظریہ پاکستان کونسل کے زیر اہتمام تصویری نمائش کی افتتاحی تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اطلاعات پرویز رشید نے کہاکہ بین الاقوامی برادری میں پاکستان کی اہمیت کو تسلیم کیا جا تا ہے۔ دہشتگردی کے خلاف کیے گئے اقدامات کو دنیا بھر نے سراہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ حکومت اورریاست پاکستانیوں میں تفریق کوتسلیم نہیں کرتی ہے ‘ خواتین ہمارے معاشرے کا لازمی جزو ہیں ‘قوم کی بیٹیوں نے بھارت کے خلاف میچ جیت کر بیٹوں کے ہارنے کا دکھ کم کر دیا وزیر اطلاعات نے توانائی بحران کم ہونے کی خوشخبری سناتے ہوئے کہا کہ آئندہ دنوں میں بحران مزید کم ہو گا۔

وزیراطلاعات پرویز رشید نے کہا کہ 23 مارچ یادگار دن ہے۔ اس دن پاکستان حاصل کرنے کی بنیاد رکھی گئی تھی ‘اور اس کے حصول کے بعد اب اس کے مقاصد کیلئے کوشاں ہیں۔ وزیر اطلاعات نے کہاکہ پاکستان کے ہرشہری کیلئے برابری اور انصاف قائداعظم کا ویژن تھا ‘اس لئے حکومت اور ریاست پاکستان کے شہریوں میں تفریق نہیں کرتی اور ملک کے رہنے والے ہر فرد کو برابر کے حقوق حاصل ہیں۔

وزیر اطلاعات نے کہاکہ حکومت نے خواتین کے حقوق کے تحفظ اور تشدد روکنے کیلئے قانون سازی کی گئی ہے جس پر ماؤں بہنوں نے خوشی کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہمسایوں کے ساتھ اچھے تعلقات قائم کریں تاکہ خطے میں امن رہے جبکہ خطے میں غربت کے خاتمے کیلئے بھی ہمسایہ ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات چاہتے ہیں۔سرکاری ریڈیو کے مطابق ایک انٹرویو میں وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید نے کہا کہ اگر عدلیہ سابق صدر پرویز مشرف کو انٹرپول کے ذریعے واپس لانے کا حکم دیتی ہے تو حکومت اس کی تعمیل کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ اگر کوئی مجرم عدالت میں پیش نہیں ہوتا تو اس کے خلاف ملکی قوانین کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف کو خصوصی عدالت نے 31 مارچ کو طلب کیا ہے اور اگر وہ عدالت میں پیش نہیں ہوئے تو ان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی ہوگی۔پرویز رشید نے کہا کہ 12 اکتوبر 1999 کو ایک منتخب وزیراعظم کو غیر قانونی طور پر گرفتار کیاگیا تھا اورملک کے عوام کو 40 روز تک اس بارے میں بے خبر رکھا گیا کہ ان کے منتخب وزیراعظم کہاں ہیں۔قومی مصالحتی آرڈی نینس کے حوالے سے عمران خان کے بیان کو مسترد کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کو اس معاملے پر پارلیمنٹ میں بحث کرنی چاہیے۔

متعلقہ عنوان :