مظفرآباد‘کوہالہ کے نواحی موضع برسالہ ہلاں کے مقام پر لینڈ سلائیڈنگ کے باعث 6مکانات مکمل تباہ

پیر 21 مارچ 2016 14:32

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔21 مارچ۔2016ء)کوہالہ کے نواحی موضع برسالہ ہلاں کے مقام پر لینڈ سلائیڈنگ کے باعث 6مکانات مکمل تباہ اور سینکڑوں کنال اراضی لینڈ سلائیڈنگ کی زد میں ۔ مقامی سیاسی وسماجی رہنماء سردار تسلیم عباسی نے متاثرین کی فوری بحالی کیلئے ریڈ کراس کی ٹیموں کے ہمراہ متاثرہ افراد کورہائش کیلئے ٹینٹ ، کھانے پینے کاسامان اور ضروری چیزیں تقسیم کیں ۔

انہوں نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کوہالہ ، دانگلی ، بھگلوٹہ، چورے چلیاری ، برہان، برسالہ ، ڈلی اوچھاہ ، شادرہ ، ضامن آباد، پنیالی میں حالیہ شدید بارشوں کی وجہ سے ہونے والی لینڈ سلائیڈنگ کے باعث 80مکانات مکمل تباہ جبکہ 200سے زائد مکانات جزوی متاثر ہوئے ہیں ۔ کوہالہ بازار میں 20کے قریب دکانیں تباہ ہوچکی ہیں ، سینکڑوں کنال اراضی بھی تباہ ہوگئی ہے جس کی وجہ سے سینکڑوں افراد بے گھر ہوچکے ہیں ،مقامی سماجی تنظیمیں اور ریڈ کراس ان افراد کی بحالی کیلئے اپنا کام کررہے ہیں لیکن بڑے پیمانے پر ہونے والی اس تباہی کے باعث لوگ شدید مشکلات کاشکار ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت آزادکشمیر فوری طور پر متاثرہ علاقوں کا مکمل سروے ، حلقہ پٹواری ،تحصیل دار، نائب تحصیل دار کی معیت میں کراوئے اور جن کی افراد کی زمینیں مکمل تباہ ہوچکی ہیں ان کو متبادل زمین فراہم کرے اور متاثرہ افراد کو مکانات بنانے کیلئے فوری طور پر پانچ لاکھ روپے کی امداد دی جائے تاکہ متاثرہ افراد کو اپنا سر چھپانے کیلئے چھت مہیا ہوسکے ۔