چین کے معروف صحافی اور کالم نگار جیا جیا کو بیجنگ پولیس نے حراست میں لے لیا

پیر 21 مارچ 2016 13:35

بیجنگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔21 مارچ۔2016ء)چین کے معروف صحافی اور کالم نگار جیا جیا، جو گذشتہ ہفتے لاپتہ ہوگئے تھے، کے وکیل نے اس بات کی تصدیق کر دی ہے وہ بیجنگ پولیس کی حراست میں ہیں۔میڈیا رپورٹ کے مطابق وکیل یان شن نے کہا کہ پولیس نے انھیں بتایا ہے کہ گذشہ ہفتے جب جیا ہانگ کانگ جانے کیلئے فلائٹ پکڑنے جا رہے تھے تو بورڈنگ سے پہلے ہی انھیں ایئر پورٹ سے حراست میں لیا گیا تھا۔

مبینہ طور پر کالم نگار جیا کا تعلق ایک نیم سرکاری ویب سائٹ پر اس ماہ کے اوائل میں شائع ہونے والے اس خط سے ہوسکتا ہے جس میں چینی صدر شی جن پنگ سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا گیا تھا ‘یہ خط فوری طور پر سائٹ سے ہٹا لیا گیا تھا۔وکیل یان نے وی چیٹ کے اپنے اکاوٴنٹ پر لکھا کہ پولیس نے کہا کہ مسٹر جیا پر بعض کیسز میں ملوث ہونے کا شبہ ہے لیکن کیس کی تفصیلات نہیں بتائی گئیں ‘ان کے دوستوں نے میڈیا کو بتایا کہ انھیں لگتا ہے کہ مسٹر جیا نے اپنے ایک ایڈیٹر دوست ‘اویانگ ہونگلیانگ کو ان کی سائٹ واچنگپر خط شائع ہونے کے بعد خبردار کیا تھا جس کی وجہ سے ہی وہ لاپتہ ہوگئے۔

(جاری ہے)

حقوق انسانی کی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل کے محقق ولیم نی نے بتایا کہ انہیں بھی یہی لگتا ہے کہ مسٹر جیا کی گمشدگی کا تعلق ان کے اس خط میں ملوث ہونے سے ہوسکتا ہے۔تنظیم نے لوگوں سے ان کی رہائی کیلئے حکومت سے اپیل کرنے کو کہا ہے ‘اس دوران واچنگ سائٹ کے چیف ایگزکیٹیو مسٹر اویانگ کے بھی لا پتہ ہونے کی اطلاعات ہیں۔