صوبے میں میرٹ، قانون کی حکمرانی، شفافیت کی پالیسی کو فروغ دیا گیا ہے‘ عرفان دولتانہ

پیر 21 مارچ 2016 12:59

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔21 مارچ۔2016ء) پاکستان مسلم لیگ (ن)کے رکن پنجاب اسمبلی میاں عرفان دولتانہ نے کہا ہے کہ اگر پٹوار خانہ صحیح معنوں میں عوام کی خدمت کر رہا ہوتا تو ہمیں یہ نظام بدلنے کی ضرورت پیش نہ آتی، سیاسی بصیرت، اجتماعی کاوشوں اور منصوبے پر کام کرنے والی پوری ٹیم کی دن رات کی محنت سے یہ منصوبہ مکمل ہوا ہے۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ دیہی اراضی کی کمپیوٹرائزیشن کے بعد شہری جائیدادوں کو بھی کمپیوٹرائزڈ کرنے کا عمل شروع کر دیا گیا ہے اور اس عمل کو بھی تیز رفتاری سے مکمل کریں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ صوبے میں میرٹ، قانون کی حکمرانی، شفافیت کی پالیسی کو فروغ دیا گیا ہے۔ لاکھوں اساتذہ، ہزاروں سپاہی اور تمام محکموں میں بھرتیاں میرٹ کی بنیاد پر کی گئی ہیں اور اسی پالیسی کے تحت ریکارڈ اراضی سنٹرز کی 3 ہزار بھرتیاں بھی مکمل طور پر میرٹ کی بنیاد پر کی گئی ہیں اور ایک بھی بھرتی سیاسی بنیاد پر نہیں کی گئی۔

میری اراضی ریکارڈ سنٹرز کے افسران اور عملے سے درخواست ہے کہ وہ خدمت خلق کو اپنا شعار بنائیں اور مرکز پر آنے والے سائل سے ہرممکن تعاون کریں اور اگر کہیں کرپشن یا بدعنوانی کی شکایت ملی تو اس کا پورا محاسبہ کیا جائے گا۔