کے ایچ خورشید سکول سسٹم نے پہلے دو سال میں ہی کامیابی کے جھنڈے گاڑدیئے

کے ایچ خورشید بڑی شخصیت تھے ان کے نام پر ادارہ کا قیام بہت ہی خوش آئند بات ہے‘سردار مختار عباسی

پیر 21 مارچ 2016 12:57

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔21 مارچ۔2016ء)کے ایچ خورشید سکول سسٹم نے پہلے دو سال میں ہی کامیابی کے جھنڈے گاڑتے ہوئے ترقی کے کئی زینے طے کر ڈالے‘ سالانہ تنائج کی پروقار تقریب میں ننھے خورشیدوں نے ٹیبلو‘ ڈرامے ‘ خاکے اور رنگا رنگ پروگرام پیش کر کے حاضرین کے دل موہ لئے۔خورشید کے سپاہیوں نے ‘جوڈو کراٹے‘ جمناسٹک ‘باکسنگ کے کرتب بھی دکھائے۔

ننھے خورشید جب آگ والے رنگ سے گزرے تو والدین کے دلوں کی دھڑکن رک سی گئی۔ مہمان خصوصی سابق امیدوار اسمبلی سردار مختار عباسی ‘ سرپرست اعلیٰ مرکزی ایوان صحافت دلپذیر عباسی‘ ایم ڈی ادارہ نزاکت عباسی ‘ پرنسپل جمیل اصغر عباسی ‘سعید شاہ‘ صداقت عباسی‘ طاہر شاہ ‘ شکور عباسی ‘ صدر سینٹرل یونین آف جرنلسٹس مظفرآبادمسعودالرحمان عباسی ‘ سیکرٹری جنرل سینٹرل یونین آف جرنلسٹس مظفرآبادغلام رضا کاظمی ‘ایڈیشنل جنرل سیکرٹری مرکزی ایوان صحافت بشارت مغل ‘ اذکار نقوی اور دیگر نے نمایا ں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے خورشیدوں میں شیلڈز اور انعامات تقسیم کئے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر مہمان خصوصی نے ادارہ کیلئے 50ہزار روپے کا اعلان کیا اور کہا کہ کے ایچ خورشید بڑی شخصیت تھے ان کے نام پر ادارہ کا قیام بہت ہی خوش آئند بات ہے۔سکول انتظامیہ نے بھرپور محنت کر کے سکول کے نام کیساتھ انصاف کرتے ہوئے حق ادا کردیا ہے۔ اس ادارے کے بچوں میں بڑا ٹیلنٹ ہے۔جو قومیں تعلیم کے میدان میں آگے ہونگی وہی دنیا میں ترقی کرینگی۔

سردار ابراہیم کو لوگوں نے بیرسٹر بنا یا اور وہ ریاست کے صدارت کے منصب تک پہنچے۔ تعلیم کیساتھ کھیلوں کی سرگرمیاں بھی ضروری ہیں۔ جب کھیل کے میدان آباد ہو تے ہیں تو ہسپتال ویران ہوجاتے ہیں ۔ایم ڈی کے ایچ خورشید سکول سسٹم نزاکت عباسی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں نے والدین سے وعدہ کیا تھاکہ آپ اپنے بچے مجھے دیں میں ایک سال بعد آپکو خورشید لوٹاؤں گا۔

میں نے اپنا وعدہ پورا کیا ہے۔ ہم کاروبار نہیں کرتے بلکہ علم بانٹتے ہیں ۔مجھے میرے چچا دلپذیر عباسی کی سرپرستی حاصل ہے انہی کے دست شفقت کی بدولت آج میں اس مقام پر پہنچا ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ انٹری ٹیسٹ میں جو بچہ 99فیصد نمبر حاصل کریگا اس کو لیپ ٹاپ دیا جائے گا۔انشاء اللہ ہم خورشید کے نام کے ساتھ انصاف کرینگے ۔پرنسپل جمیل اصغر عباسی نے سپاسنامے میں کہا کہ نظم وضبط ہی کسی ادارے کی کامیابی کا ذریعہ ہوتاہے۔

اس کے بغیر تعلیم کا معیار بگڑ جاتاہے۔ ہم وہ نسل قوم کو دینگے جو ذمہ دار شہری ہونگے۔ جس شخصیت کے نام پہ یہ ادارہ قائم ہے وہ خود ایک تاریخ ہیں۔سرپرست اعلیٰ مرکز ی ایوان صحافت سردار دلپذیر عباسی نے اپنے خطاب میں کہا کہ اس اداراہ کے بچے ریاست کے خورشید ہیں۔علم روشنی اور آگاہی کا نام ہے۔ تعلیم کیساتھ تربیت بھی ضروری ہے۔ والدین نے اس ادارہ میں بچوں کو داخل کر کے درست فیصلہ کیا ہے۔

ایڈیشنل جنرل سیکرٹری مرکزی ایوان صحافت بشارت مغل نے کہا کہ علم رکھنے والا اور علم نہ رکھنے والا دونوں برابر نہیں ہو سکتے ۔بچوں کو ہم نصابی اور غیر نصابی سرگرمیوں میں شریک ہونا چاہیے۔آصف نے اپنے خطاب میں کہا کہ پرائیویٹ تعلیمی اداروں نے تعلیم کا 75فیصد بوجھ اٹھا رکھا ہے ۔ حکومت کے ایچ خورشید جیسے تعلیمی اداروں کو خصوصی گرانٹ دے۔ تقریب سے اونگزیب کیانی اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔کمپیئرکشور ناہید نے خوبصورت اندازمیں کمپیئرنگ کرکے ماحول کو گرمادیا۔ اس موقع پر پرنسپل نے سٹاف میں شیلڈز تقسیم کیں ۔ ایم ڈی نزاکت عباسی نے مہمان خصوصی مختار عباسی ‘ دلپذیر عباسی ‘ اختیار عباسی اور دیگر کو بھی شیلڈ پیش کیں ۔