Live Updates

عمران خان سن لیں، عوام ترقی کی ٹانگیں کھینچنے کی سیاست سمندر میں غرق کردیں گے‘ مشرف دور میں نیب ایک پائی کی کرپشن ثابت نہیں کرسکا ،2018ء تک لوڈشیڈنگ ختم کردیں گے ‘اڑھائی برسوں میں خدمت کی سیاست کی ، 22 مارچ کو این اے 101 میں دوبارہ شیر دھاڑے گا،مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما حمزہ شہباز کا این اے 101 وزیر آباد میں جسٹس (ر) افتخار چیمہ کی انتخابی مہم سے خطاب

اتوار 20 مارچ 2016 23:00

عمران خان سن لیں، عوام ترقی کی ٹانگیں کھینچنے کی سیاست سمندر میں غرق ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 20مارچ۔2016ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما و رکن قومی اسمبلی حمزہ شہبازنے کہاہے کہ عمران خان سن لیں عوام ترقی و خوشحالی کی ٹانگیں کھینچنے کی سیاست کو سمندر میں غرق کردیں گے ، ان کی دھاندلی کے رونے اور الزامات لگانے کو عوام کے علاوہ جوڈیشل کمیشن نے مسترد کردیاہے ہمارا ہدف پاکستان کی ترقی و خوشحالی اور عوامی خدمت کے ایجنڈے کو مکمل کرنا ہے۔

حمزہ شہبازنے این اے 101 وزیر آباد میں جسٹس (ر) افتخار چیمہ کی انتخابی مہم سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ عمران خان انتہائی ڈھٹائی کے ساتھ آج بھی بے بنیاد الزامات اور من گھڑت کہانیوں کی سیاست کررہے ہیں ، انہیں علم ہونا چاہیے کہ مشرف دور میں نیب ہم پر ایک پائی کی کرپشن ثابت نہیں کرسکی -انہو ں نے کہاکہ سیاست میں عزت لوگوں کی خدمت کرنے سے ملتی ہے اور میاں محمدنوازشریف نے پاکستان میں جمہوریت کے لئے لازوال قربانیاں دیتے ہوئے اٹک قلعہ میں صعوبتیں برداشت کیں ہیں جبکہ عمران خان نے آج تک کسی تھانے کا بھی منہ نہیں دیکھا - حمزہ شہباز نے کہاکہ پاکستان مسلم لیگ (ن) پر دو دن پہلے جلالپور پیر والا میں بھر پور عوامی اعتماد کااظہار ہوا ہے اور انشاء اللہ 22 مارچ این اے 101 وزیر آباد میں بھی اس کی دوبارہ جھلک دیکھنے کو ملے گی - انہو ں نے یقین دلایاکہ وزیر آباد میں کارڈیالوجی ہسپتال کو مکمل طور پر فنکشنل کرنے ، علی پورمیں سٹیڈیم کی تعمیر اور این اے 101 کے عوام کے دیگر مسائل کو حل کرکے یہاں کے باسیوں کے دل جیتیں گے -حمزہ شہباز نے اعلان کیاکہ انشاء اللہ 2018ء تک لوڈشیڈنگ پر قابوپاکر اندھیروں کو ہمیشہ ہمیشہ کے لئے ختم کردیاجائے گا -انہوں نے اس امر کا اعادہ کیاکہ موجودہ منتخب حکومت کو سازشوں کے ذریعے ختم کرنے کی کوشش کرنے والے ایڑی چوٹی کا زور لگانے کے باوجود ناکام ہوچکے ہیں اور اب عوام دھرنے اور احتجاج کی سیاست پر کبھی کان نہیں دھریں گے ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر این اے 101 سے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار جسٹس (ر) افتخار احمد چیمہ نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان کو ایٹمی طاقت بنانے ، موٹر وے کا تحفہ دینے اور 46ارب ڈالر کی سرمایہ کاری لانے والے محمدنوازشریف ہی ملک و قوم کے نجات دہندہ ہیں اور انشاء اللہ 22 مارچ کو کامیابی کے بعد این اے 101 کے ادھورے منصوبوں کو مکمل کیاجائے گا -جلسے سے ایم پی اے اکمل سیف چھٹہ ، سابق وزیر شاہنواز چیمہ ، پارٹی ضلعی صدرمستنصر علی گوندل اور نوازش علی چیمہ نے بھی خطاب کیا - وزیر آباد کے شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی جبکہ نوجوانوں کا جوش و خروش دیدنی تھا ، خواتین کی بڑی تعداد بھی جلسے میں موجود تھی ، حاضرین نے حمزہ شہباز اور مسلم لیگی قیادت کے حق میں زبردست نعرے بازی کی ۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات