پاکستان میں نظریہ ضرورت آج بھی زندہ ہے’‘ نواز شریف نے تاریخ سے سبق نہیں سیکھا‘ نوازشر یف کئی بار اللہ کے گھر خانہ کعبہ اور روضہ رسول پر حاضری کے باوجود واپس آکر واشنگٹن کی ڈکٹیشن پر عمل کرتے ہیں‘ سندھ کی تبدیلی اور تعمیر وترقی میں سب سے بڑی رکاوٹ یہاں کا حکمران ٹولہ ہے ‘ برسوں سے اقتدارپرقابض یہ ٹولہ عوام کے دکھ درد کا مداوا کرنے کی بجائے صرف اپنے بنک بیلنس میں اضافہ اور اپنے مفادات کی تکمیل میں مصروف ہے‘عام آدمی آج بھی غربت ومفلسی اور نا انصافی کا شکار اور بنیادی انسانی سہولتوں سے محروم ہے‘ امیرجماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کا”ناموس رسالت کانفرنس“سے خطاب

اتوار 20 مارچ 2016 21:36

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 20مارچ۔2016ء) امیرجماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے آئین پاکستان کو توڑنے کے مجرم ،نواب اکبر بگٹی قتل کیس اور 12مئی کے قتل عام کے موقع پر مکہ لہراکر اپنی طاقت کا مظاہرہ کرنے والے پرویز مشرف کو راہ فرار اختیار کرنے کا راستہ دینے سے اب یہ بات واضح ہوگئی ہے کہ پاکستان میں نظریہ ضرورت آج بھی زندہ ہے’‘ نواز شریف نے تاریخ سے سبق نہیں سیکھا،کئی بار اللہ کے گھر خانہ کعبہ اور روضہ رسول پر حاضری کے باوجود واپس آکر واشنگٹن کی ڈکٹیشن پر عمل کرتے ہیں‘۔

مرکزی میڈیا سیل منصورہ سے جاری پریس ریلیز کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے پبلک پارک کنڈیارو میں ”ناموس رسالت کانفرنس“سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

کانفرنس سے مرکزی نائب امیر وسابق ایم این اے اسداللہ بھٹو، ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی، ممتاز سہتو،حافظ لطف اللہ بھٹو، سابق چیئرمین ٹاؤن کمیٹی سردار اکبر اجن،ضلعی امیر خالد شفیق،مقامی امیر حافظ ہاشم لاشاری نے بھی خطاب کیاسینیٹر سراج الحق نے کہا کہ سندھ کی تبدیلی اور تعمیر وترقی میں سب سے بڑی رکاوٹ یہاں کا حکمران ٹولہ ہے۔

برسوں سے اقتدارپرقابض یہ ٹولہ عوام کے دکھ درد کا مداوا کرنے کی بجائے صرف اپنے بنک بیلنس میں اضافہ اور اپنے مفادات کی تکمیل میں مصروف ہے۔عام آدمی آج بھی غربت ومفلسی اور نا انصافی کا شکار اور بنیادی انسانی سہولتوں سے محروم ہے۔ سندھ میں حکومت نام کی کوئی چیز نہیں ہے،امیروں کے کتوں کا علاج بیرون ملک جبکہ غریب آدمی دو وقت کی روٹی کیلئے پریشان اور ہسپتالوں میں سردرد کی گولی بھی ناپید ہے،اسلئے ان سیاسی پنڈتوں کیخلاف ایک فیصلہ کن جنگ کی ضرورت ہے،عوام جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔

حکمران امریکہ کو خوش اور اللہ کو ناراض کرنے میں مصروف عمل ہیں،یہ ہماری دھرتی ماں اور مسجد کا درجہ رکھتی ہے،جماعت اسلامی تمام سیاسی مفادات سے بالاتر ہوکر اس امت کو یکجا کرنے کی جدوجہد کررہی ہے۔نبی سے محبت کے بغیر دنیا وآخرت میں کامیابی ناممکن ہے،عشق مصطفی کا تقاضہ ہے کہ ہم نظام مصطفی کیلئے جدوجہد کریں۔ محض چہروں کی تبدیلی کے بجائے نظام کی تبدیلی ضروری ہے۔

دیانتدار قیادت ہی ملک کے مسائل حل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے،جب تک اختیار واقتدار دیانتدار قیادت کو نہیں ملتا ملک میں حقیقی تبدیلی نہیں آسکتی، عوام کو ملک اور اپنی آئندہ نسلوں کے بہتر مستقبل کی خاطر اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ الیکشن کو پیسے کا کھیل بناکررکھ دیا گیا ہے،جس میں غریب کیلئے کوئی جگہ نہیں، ہم ملک سے معاشی اور اخلاقی کرپشن کا خاتمہ چاہتے ہیں۔

قبل ازیں امیر جماعت کا کنڈیارو بائی پاس پر شاندار استقبال اور جلوس کی شکل میں جلسہ گاہ تک لایا گیا اور تمام مہمانوں کو سندھ کی روایتی سوکھڑی اجرک پہنائی گئی۔قبل ازیں صابو راہو(سعید آباد) میں مقامی زمیندارعبدالعزیز سنجرانی کی جانب سے امیر جماعت سینیٹر سراج الحق کے اعزاز میں استقبالیہ دیا گیا جس میں علاقہ کے سیاسی و سماجی رہنماؤں کے علاوہ لوگوں نے بڑی تعدادمیں شرکت کی۔