سندھ حکومت معاشی ترقی کیلئے کاروباری انجمنوں کی مشاورت سے کام کرنا چاہتی ہے ۔ناہید میمن

ایف پی سی سی آئی کے اجلاس سے چیئرپرسن سندھ بورڈ آف انویسٹمنٹ کا خطاب

اتوار 20 مارچ 2016 18:29

کراچی ۔ 20 مارچ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔20 مارچ۔2016ء) سندھ بورڈ آف انویسٹمنٹ کی چیئرپرسن ناہید میمن نے کہا کہ پاکستان کو تیز رفتار معاشی ترقی کی ضرورت ہے اس مقصد کیلئے حکومت مقامی تاجروں اور صنعتکاروں کیلئے سرمایہ کاری کے بہتر مواقع اور ترغیبات پیش کررہی ہے تاکہ صنعتی اور معاشی ترقی کا عمل تیز ہو ، روزگار کے مواقع پیدا ہوں اور ہمارے معاشی مسائل کم ہوسکیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز (FPCCI) کے دفتر میں صنعتکاروں اور تاجروں کے ساتھ منعقدہ ایک اجلاس میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر ایف پی سی سی آئی کی اسٹینڈنگ کمیٹی برائے انویسٹمنٹ کے چیئرمین ملک خدا بخش ، ممتاز صنعتکارعارف حبیب ، خالد نواب اور فیڈویشن کے اراکین کی بڑی تعداد موجود تھی ۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے کہا کہ اس وقت بین الاقوامی ماحول سرمایہ کاری کیلئے سازگار ہے ہمیں ان مواقعوں سے فائدہ اُٹھانا چاہئے ۔پاک چائنا اکنامک کو ریڈور(CPEC) سے زیادہ سے زیادہ معاشی ترقی کے مفید مواقع حاصل کرنے کیلئے بھی ہمارے تاجروں اور صنعتکاروں کو مؤثرمنصوبہ بندی کرنی چاہئے ۔انہوں نے کہاہے کہ صوبے میں معاشی ترقی اور روزگار کے مواقعوں کے فروغ کیلئے سندھ حکومت تاجروں ، صنعتکاروں اور اُن کی انجمنوں کے ساتھ مل کر باہمی مشاورت سے کام کرنا چاہتی ہے ۔

انہوں نے کہا ہے کہ ہم چاہتے ہیں کہ سرمایہ کاری اور کاروبار کے فروغ کیلئے جو بھی اقدامات اُٹھائے جائیں اُنہیں کاروباری برادری کی مکمل تائید حاصل ہو،تاکہ مثبت اور مطلوبہ نتائج حاصل کئے جاسکیں ۔اس موقع پر ایف پی سی سی آئی کے اراکین نے چیئرپرسن ناہید میمن کو درپیش مسائل اور مشکلات سے آگاہ کیا ۔ چیئرپرسن ناہید میمن نے اراکین کو یقین دلایا کہ اُن کے تمام جائز مسائل کے حل کیلئے ہر فورم پر ساتھ رہے گی۔ اراکین ایف پی سی سی آئی نے کہا کہ بیرونی سرمایہ کاری کو پرکشش بنانے کیلئے ہمارے میڈیا کو امن وامان کا بہتر تاثر دکھانا چایئے۔

متعلقہ عنوان :