حکومت کو جلاؤ گھیراؤ میں الجھانے کی بجائے ملک و قوم کی خدمت کرنے دی جائے‘ رانا ثنا اﷲ خان

(ن) سے کڑا احتساب کسی نہیں بھگتا، ٹارچر سیل برداشت کئے لیکن صبر کا دامن نہیں چھوڑا‘ وزیر قانون

اتوار 20 مارچ 2016 16:27

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔20 مارچ۔2016ء) صوبائی وزیر قانون و پارلیمانی امور رانا ثنا اﷲ خان نے کہا ہے کہ حکومت کو جلاؤ گھیراؤ میں الجھانے کی بجائے ملک و قوم کی خدمت کرنے دی جائے ،مسلم لیگ (ن) سے کڑا احتساب کسی نہیں بھگتا، ہم نے ٹارچر سیل بھی برداشت کئے، لیکن صبر کا دامن نہیں چھوڑا ، مشرف کے معاملے پر عدالت کا فیصلہ موجود ہے ،یوم پاکستان پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے جائیں گے۔

ایک انٹر ویو میں رانا ثنا اﷲ خان نے کہا کہ وزیر اعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں پاکستان کو مسائل سے نکال کر ترقی کی راہ پر گامزن کر دیا گیاہے ۔ اپوزیشن کے پاس احتجاج کیلئے کوئی ایجنڈا نہیں ، صرف خود کو سیاسی طور پر زندہ رکھنے کیلئے واویلا کیا جارہا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن )نے احتساب کے نام پر ٹارچر سیل بھی برداشت کئے لیکن صبر کا دامن نہیں چھوڑا، ناقدین ہمیں جلا ؤگھیرا ؤمیں نہ الجھائیں بلکہ ملک وقوم کی خدمت کرنے دیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان بتائیں انہوں نے اپنے صوبے میں کونسے منصوبے مکمل کئے ہیں ، سندھ والے بھی اپنی کارکردگی عوام کے سامنے لائیں اور ہم بھی اپنی کارکردگی سامنے لاتے ہیں او رپھر فیصلہ عوام کریں گے۔انہوں نے کہا کہ کچھ لوگوں کا کام ہی رکاوٹیں ڈالنا ہے لیکن سازشیں کرنے والے ناکام رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یوم پاکستان کے سلسلہ میں منعقد ہونے والی تمام تقریبات کیلئے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے جائیں گے۔