سابق صدر آصف زرداری کابارشوں‘ لینڈ سلائیڈنگ اور آسمانی بجلی سے ہونے والی تباہی پر اظہار رنج و غم

اتوار 20 مارچ 2016 16:10

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔20 مارچ۔2016ء) پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدر اور سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری نے خیبرپختونخواہ اور آزاد جموں و کشمیر میں بارشوں، لینڈ سلائڈنگ اور آسمانی بجلی سے ہونے والی تباہی پر انتہائی رنج اور دکھ کا اظہار کیا ہے۔ کے پی کے اور آزاد جموں و کشمیر میں دو درجن سے زائد لوگ جاں بحق اور متعدد گھر اور دکانیں پانی کے ریلے میں بہہ گئی ہیں۔

آصف علی زرداری نے تمام ریاستی ایجنسیوں سے کہا ہے کہ وہ تمام امدادی کارروائیاں تیز کردیں اور پاکستان پیپلزپارٹی، اے جے کے اور کے پی کے کو ہدایت کی ہے کہ وہ ایمرجنسی کیمپس لگا کر خاص طور پر بچوں، خواتین اور ضعیف لوگوں کی مدد کریں۔ اس کے علاوہ انہوں نے پارٹی کے سینئر لیڈروں سے کہا ہے کہ وہ متاثرہ علاقوں میں جا کر متاثرہ خاندانوں سے ہمدری کا اظہار کریں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے متاثرہ خاندانوں کے جاں بحق ہونے والے افراد کے لئے دعائے مغفرت بھی کی۔ انہوں نے زخمیوں کے لئے جلد صحت یابی کی دعا بھی کی۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ متاثرہ علاقوں سے لوگوں کو نکالنے کے لئے قومی حکمت عملی بنائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ان قدرتی آفات سے نمٹنے کے لئے ہمیں ایک حکمت عملی بنانی چاہیے کیونکہ ممکنہ طور پر موسم کے تغیریات کی وجہ سے واقعات مزید ہوتے رہنے کا امکان ہے۔