قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ کاشاہ محمود سمیت دیگر پارلیمانی رہنماؤں سے رابطے

متحدہ اپوزیشن کے اجلاس میں شرکت کی دعوت دیدی‘ اجلاس میں پی آئی اے کے بل سے متعلق مشترکہ حکمت عملی پر غور کیا جائیگا

اتوار 20 مارچ 2016 15:56

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔20 مارچ۔2016ء) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے شاہ محمود قریشی سمیت دیگر پارلیمانی رہنماؤں سے رابطے کرکے متحدہ اپوزیشن کے اجلاس میں شرکت کی دعوت دیدی‘ اجلاس میں پی آئی اے کے بل سے متعلق مشترکہ حکمت عملی پر غور کیا جائے گا‘ اجلاس (کل) شام چار بجے ہوگا۔

(جاری ہے)

اتوار کو قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے تحریک انصاف کے پارلیمانی لیڈر شاہ محمود قریشی‘ متحدہ قومی موومنٹ کے پارلیمانی لیڈر فاروق ستار‘ مسلم لیگ (ق) کے رہنما پرویز الٰہی ‘ اے این پی کے غلام احمد بلور‘ قومی وطن پارٹی کے آفتاب شیرپاؤ اور جماعت اسلامی کے پارلیمانی لیڈر صاحبزادہ طارق الله سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور متحدہ اپوزیشن کے اجلاس میں شرکت کی دعوت دی۔

ذرائع کے مطابق یہ اجلاس (کل) پیر کی شام چار بجے ہوگا۔ اجلاس میں اپوزیشن جماعتیں پی آئی اے بل سے متعلق مشترکہ حکمت عملی پر غور کریں گی۔ اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے کہا کہ حکومتی بریفنگ کے بعد اپوزیشن اپنی حکمت عملی کو حتمی شکل دے گی۔