آل پاکستان سیکیورٹی سروسز ایسوسی ایشن کے وفد کی ڈی جی رینجرز سے ملاقات،

رینجرز کا آپریشن کسی ایک پارٹی یا گروہ کے خلاف نہیں،اسکا مقصد شہر سے جرائم پیشہ افراد کو کیفر کردار تک پہنچانا ہے،ڈی جی رینجرزسندھ میجر جنرل بلال اکبر

اتوار 20 مارچ 2016 15:46

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔20 مارچ۔2016ء) ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل بلال اکبر نے کہا ہے کہ رینجرز آپریشن کسی ایک پارٹی یا گروہ کے خلاف نہیں، آپریشن کا مقصد صرف اور صرف جرائم پیشہ افراد کی سرکوبی کرنا ہے، مذہبی اور سیاسی جماعتیں جرائم پیشہ افراد اور دہشتگردوں کو اپنی صفوں میں پناہ نہ لینے دیں،سخت حالات کے باوجود سیکیورٹی کمپنیز نے کراچی کی عوام کی جان و مال کی حفاظت کا بیڑا اٹھایا ہے۔

ان خیالات کا اظہا ر انھوں نے بریگیڈیئر ریٹائرڈ رشید ملک کی سربراہی میں رینجرز ہیڈ کوارٹر آنے والے آل پاکستان سیکیورٹی سروسز ایسوسی ایشن کے 70رکنی وفد سے ملاقات کے دروان کیا، ڈی جی رینجرز میجر جنرل بلال اکبر نے آل پاکستان سیکیورٹی ایسوسی ایشن لو خوش آمدید کہااور ستر رکنی وفد کو کراچی میں امن و امان کی صورتحال اور رینجرز آپریشن سے متعلق آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

ڈی جی رینجرز میجر جنرل بلال اکبر نے کہا کہ رینجرز آپریشن کسی ایک پارٹی یا گروہ کے خلاف نہیں، آپریشن کا مقصد صرف اور صرف جرائم پیشہ افراد کی سرکوبی کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مذہبی اور سیاسی جماعتیں جرائم پیشہ افراد اور دہشتگردوں کو اپنی صفوں میں پناہ نہ لینے دیں، موجودہ آپریشن دہشتگردوں کے مکمل خاتمے تک جاری رہے گا۔ڈی جی رینجرز نے کراچی میں کام کرنے والی سیکیورٹی کمپنیز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ سیکیورٹی کمپنیز نے سخت حالات کے باوجود کراچی کے عوام کی جان و مال کی حفاظت کا بیڑا اٹھایا ہے۔

بریگیڈیئر ریٹائرڈ رشید ملک اور وفد کے شرکاء نے ڈی جی رینجرز کی جانب سے شہر میں امن کے لیے کیے گئے اقدامات کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ رینجرز آپریشن اسی جذبے اور شدت سے جاری رہے گا۔

متعلقہ عنوان :