بہاریہ کاشت کیلئے کاشتکاروں کو دسمبر و جنوری میں کاشتہ سٹیویا کی نرسری مارچ کے آخر تک کھیتوں میں منتقل کرنے کی ہدایت

اتوار 20 مارچ 2016 15:38

فیصل آباد۔20 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔20 مارچ۔2016ء )بہاریہ کاشت کیلئے کاشتکاروں کو دسمبر و جنوری میں کاشتہ سٹیویا کی نرسری مارچ کے آخر تک کھیتوں میں منتقل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے اور کہاگیاہے کہ سٹیویا ایک سالانہ پوداہے جس کی لمبائی ایک میٹر تک ہوتی ہے جبکہ اس کے پتے دو سے دس سینٹی میٹر لمبے ہوتے ہیں اور اس میں مٹھاس چینی سے 15گنا زیادہ ہوتی ہے نیز اس کاعرق چینی سے 200سے 300گنا زیادہ میٹھا ہوتاہے ۔

ماہرین زراعت نے بتایاکہ پنجاب ایگریکلچر ل ریسرچ بورڈ کے تعاون سے شعبہ پلانٹ فزیالوجی ایوب ریسرچ میں سٹیویا پرتحقیق کا آغاز کردیا گیاہے جس کے 100گرام خشک پتوں کاتجزیہ کرنے پرانکشاف ہواکہ اس میں 7گرام نمی ، 10گرام پروٹین ، 52گرام نشاستہ ، 14.98ملی گرام وٹامن سی ،58.18ملی گرام فولک ایسڈ ، 464.4 ملی گرام کیلشیم ، 11.4ملی گرام فاسفورس ، 53.3 ملی گرام آئرن ، 190.6ملی گرام سوڈیم ، 180.4ملی گرام پوٹاشیم موجود ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ سٹیویاکی کاشت سے فی ایکڑ 60سے 70من خشک پتے حاصل کئے جاسکتے ہیں۔ انہوں نے بتایاکہ ربیع کاشت کیلئے کاشتکار مئی اور جون کے مہینوں میں سٹیویاکی نرسری لگاکراسے اگست و ستمبر میں کھیتوں میں منتقل کرسکتے ہیں نیز نرسری بیج و قلم اور ٹشو کلچر سے بھی تیار کی جاسکتی ہے ۔