فیصل آباد،مکان کی چھت گرنے سے چار خواتین جاں بحق

جاں بحق ہونے وا لو ں میں ماں اور اس کی دو بیٹیاں بھی شامل

اتوار 20 مارچ 2016 15:06

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔20 مارچ۔2016ء) فیصل آباد کے نواحی علاقہ میں موسلا دھار طوفانی بارش کی وجہ سے مکان کی چھت گرنے سے چار خواتین جاں بحق ہو گئیں‘ جاں بحق ہونے والی خواتین میں ایک ماں اور اس کی دو بیٹیاں بھی شامل ہیں۔ آن لائن کے مطابق فیصل آباد کے نواحی علاقہ پچیانہ کا نوجوان طاہر محنت مزدوری کے لئے لاہور کام کرتا تھا جبکہ اس کے بیوی بچے اور والدین گاؤں میں مقیم تھے۔

گزشتہ رات کی طوفانی بارش کی وجہ سے مکان کی چھت گر گئی جس کے نیچے ایک ماں اور اس کی دو بیٹیاں اور طاہر کی 18 سالہ ہمشیرہ شکیلا ملبے تلے دب کر جاں بحق ہو گئیں۔ مرنے والوں میں طاہر کی بیوی شبانہ اس کی دو کم سن بیٹیاں چار سالہ مقدس اور دو سالہ عائشہ جبکہ طاہر کی 18 سالہ ہمشیرہ شکیلا جس کی دو ماہ بعد شادی ہونے والی تھی موقع پر ہی جاں بحق ہو گئیں جبکہ طاہر کی ایک بیٹی سویرا جو اپنی دادی کے ہمراہ دوسرے کمرے میں سوئی ہوئی تھی وہ محفوظ رہی۔

(جاری ہے)

اس واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پورے علاقے میں کہرام مچ گیا۔ سینکڑوں افراد نے موقع پر پہنچ کر ملبے سے لاشیں نکالیں۔ بعد ازاں جاں بحق ہونے والوں کی نماز جنازہ ادا کی گئی جس میں گاؤں کا ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ جنہیں بعد ازاں سپرد خاک کر دیا گیا ہے اس واقعہ کے صدمہ سے طاہر کی والدہ اپنا ذہنی توازن کھو بیٹھی۔

متعلقہ عنوان :