ضلع جہلم میں کیپٹن معظم علی شہید ہسپتال اینڈ ویلفیئر ٹرسٹ قومی معیار کا ادارہ ہے‘منتظم ادارہ نے غریب اور مستحق مریضوں کا مہنگا علاج دوردراز جانے کی بجائے جہلم میں انتہائی معقول سہولت مہیا کر کے مثال قائم کر دی ہے

لارڈ میئر آف شیفیلڈ برطانیہ طالب حسین کاکیپٹن معظم علی شہید ہسپتال اینڈ ویلفیئر ٹرسٹ میں ڈائلیسز سنٹر،ڈینٹل ڈیپارٹمنٹ اور فلٹریشن پلانٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب

اتوار 20 مارچ 2016 14:47

جہلم( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔20 مارچ۔2016ء ) لارڈ میئر آف شیفیلڈ برطانیہ طالب حسین نے کہا ہے کہ ضلع جہلم میں کیپٹن معظم علی شہید ہسپتال اینڈ ویلفیئر ٹرسٹ قومی معیار کا ادارہ ہے‘جہاں مریضوں کو بہترین علاج کے لیے تمام تر سہولیات فراہم کی گئی ہیں جبکہ منتظم ادارہ نے غریب اور مستحق مریضوں کا مہنگا علاج دوردراز جانے کی بجائے جہلم میں انتہائی معقول سہولت مہیا کر کے اپنی مثال آپ قائم کر دی ہے ۔

وہ گزشتہ روز یہاں کیپٹن معظم علی شہید ہسپتال اینڈ ویلفیئر ٹرسٹ میں ڈائلیسز سنٹر،ڈینٹل ڈیپارٹمنٹ اور فلٹریشن پلانٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ کیپٹن معظم علی شہید کے والد میجر (ر) محمد یوسف جہلم کے مستحق اور غریب عوام کا علاج عبادت کے طور پر کر رہے ہیں اور جبکہ جہلم سے ملحقہ اضلاع کے غریب اور نادار عوام کیلئے بھی یہ ویلفیئر ٹرسٹ امید کی ایک روشن کرن ثابت ہو گا۔

(جاری ہے)

برطانیہ سے آئے ہوئے پانچ رکنی وفد میں لارڈ میئر طالب حسین کے ہمراہ ،قونصلر مرزا شفقت،ظہور چوہدری ،محبوب حسین اورحاجی محمد رفیق کو ویلفیئر ٹرسٹ کے مین آرگنائزر کرنل (ر)نعیم میاں نے ہسپتال کے مختلف شعبہ جات کا دورہ بھی کرایا،وفد نے مریضوں سے ملاقات بھی کی اور انتظامی امور پر اظہار اطمینان کرتے ہو ئے مستقبل میں ادارے کی مزید بہتری کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ،ویلفیئر ٹرسٹ کے آرگنائزر بد ر سعید نے نے وفد کو بتایا کہ کیپٹن معظم علی شہید ویلفیئر ٹرسٹ میں روازنہ کی بنیاد پر 200سے زائد افراد کا طبی معائنہ کیا جاتا ہے جبکہ ادار ہ کی جانب سے 1600 خاندانوں کو علاج کیلئے کارڈ جاری کیے گئے ہیں تاکہ مستحق افراد کا بروقت علاج ممکن بنایا جا سکے ،لارڈ میئر طالب حسین نے ادارے کے تسلسل کیلئے اپناکردار ادا کرنے کی یقین دہانی کرائی، اس موقع پرادارہ کے سربراہ میجر (ر) محمد یوسف اور ان کے بھائی یحییٰ ملک نے وفد کا شکریہ ادا کیا۔

متعلقہ عنوان :