کراچی ، گلشن اقبال میں ڈکیتی میں مزاحمت پر فائرنگ سے فوجی جوان شہید

شہید اہل کار کی فائرنگ سے ایک ڈاکو ہلاک ،دوسرا فرار ،مسلح افراد کے موبائل چھیننے کی کوشش پر وقاص نے مزاحمت کی،پولیس

اتوار 20 مارچ 2016 14:20

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔20 مارچ۔2016ء) کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں ڈکیتی میں مزاحمت پر فائرنگ سے فوجی جوان شہید ہو گیاجبکہ شہید اہل کار کی فائرنگ سے ایک ڈاکو ہلاک ہوگیا۔ڈی آئی جی ایسٹ کے مطابق گلشن اقبال بلاک 5 میں 2 ڈاکوؤں نے ایک فوجی اہلکار سے لوٹ مار کی کوشش کی اور مزاحمت پر ملزمان نے فائرنگ کر دی جس سے فوجی جوان وقاص شہید ہوگیا۔

شہید اہل کار کی فائرنگ سے ایک ڈاکو زخمی ہو گیا جو دوران علاج دم توڑ گیا جبکہ دوسرا ڈاکو فرار ہو گیا۔پولیس نے جائے وقوع سے نائن ایم ایم پستول کے 8 خول قبضے میں لے لیے۔ پولیس کے مطابق فرار ہونے والے ملزم کی تلاش جاری ہے۔ پولیس کے مطابق مقتول اہلکارحساس ادارے کے افسرکی سیکیورٹی پرتعینات تھا۔گلشن اقبال کے سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس پی) ڈاکٹر فرحت احمد کا کہنا تھا کہ مسلح افراد کے موبائل چھیننے کی کوشش پر وقاص نے مزاحمت کی جس پر موٹر سائیکل سوار افراد نے اس پر فائرنگ کر دی جس سے وہ شدید زخمی ہو گیا، وقاص نے جوابی فائرنگ کر دی جس سے ایک ڈاکو زخمی ہو گیا جبکہ دوسرا فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر فرحت کے مطابق آرمی اہلکار ہسپتال منتقل کیے جانے سے قبل ہلاک ہو گیا جبکہ زخمی ڈاکو کو بھی ہسپتال منتقل کیا گیا لیکن وہ بھی بعد میں ہلاک ہو گیا۔ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) کراچی ایسٹ کامران فضل صدیقی کا کہنا تھا کہ جس وقت آرمی اہلکار زخمی ہوا، اس وقت وہ وردی میں نہیں تھا۔انہوں نے بتایا کہ وقاص جس آرمی افسر کے گھر کے باہر تعینات تھا وہ پنوں عاقل کنٹونمنٹ سے کراچی منتقل ہوئے ہیں۔بعد ازاں گلشن اقبال میں فوجی اہلکار کے قتل کا مقدمہ درج کر لیا گیا۔پولیس کے مطابق مقدمہ نمبر 16/146 سرکار کی مدعیت میں درج ہوا جس میں قتل، ڈکیتی سمیت دیگر دفعات شامل کی گئیں۔