پیارے وطن کا قومی ترانہ نہیں بھولا، شفقت امانت علی خان

Fahad Shabbir فہد شبیر اتوار 20 مارچ 2016 13:34

پیارے وطن کا قومی ترانہ نہیں بھولا، شفقت امانت علی خان

کولکتہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 19مارچ۔2016ء) پاکستان اور بھارت کے کرکٹ میچ کے آغاز میں قومی ترانہ پڑھنے والے شفقت امانت علی خان نے قوم سے معافی مانگ لی ہے۔ سوشل میڈیا پر جاری ہونے والے پیغام میں شفقت امانت علی خان نے کہا کہ وہ اپنے دوستوں اور وطن کے شہریوں سے معافی کے طلبگار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں مانتا ہوں آواز کی تکنیکی غلطیوں کے باعث ایسا لگا کہ قومی ترانے کے الفاظ ادا کرنے میں غلطی ہوئی ہے۔

لیکن میں یقینی طور پر معافی مانگتاہوں کہ اس موقع پر عوام کا دل نہ جیت پایا۔ اس موقع پر انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ اس کا مطلب ہر گز ہر گز یہ نہیں کہ وہ قومی ترانہ بھول گئے تھے ۔ اگر ایسا ہوا ہوتا قومی ترانہ پڑھے جانے کے فوراً بعد لوگ میرے پاس آ کر میری تعریف نہ کرتے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی قومی ٹیم پر اعتماد کرنا چاہئے ۔

یاد رہے کہ کل پاکستان اور بھارت کے کرکٹ میچ سے قبل شفقت امانت علی کے پڑھے گئے قومی ترانے کی غلطیوں نے دُنیا بھر میں پاکستانیوں کا سر شرم سے جھکا دیا تھا۔قومی ترانہ پڑھتے ہوئے انہوں نے ”پرچمِ ستارہ و ہلال“ کو ”پرچم و ستارہ ہلال“ پڑھا جبکہ ترجمانِ ماضی شانِ حال بھی بھول گئے تھے ۔ عوام کی بڑی تعداد نے سوشل میڈیا پر شفقت امانت علی خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ قومی ترانہ ہر پاکستانی کے دل اور دماغ میں بستا ہے۔

سینکڑوں بھارتی گانے یاد رکھنے والے شفقت امانت علی کو کم از کم تقریب سے کچھ دیر پہلے قومی ترانہ ہی ایک مرتبہ پڑھ لینا چاہئے تھا۔