ورلڈ ٹی ٹونٹی ، پاکستان نے آئی سی سی ایونٹس میں بھارت کیخلاف اپنی ”روایت “ برقرار رکھی

ہفتہ 19 مارچ 2016 22:50

ورلڈ ٹی ٹونٹی ، پاکستان نے آئی سی سی ایونٹس میں بھارت کیخلاف اپنی ”روایت ..

کولکتہ(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔19مارچ2016ء ) ورلڈ ٹی ٹونٹی کے سب سے بڑے مقابلے میں پاکستان نے آئی سی سی ایونٹس میں بھارت کیخلاف اپنی ”روایت “ برقرار رکھی ،میزبان ٹیم نے 6وکٹوں سے میچ اپنے نام کرلیا ۔ ایڈن گارڈنز ،کولکتہ میں کھیلے گئے میچ میں پاکستانی اوپنرز نے محتاط طریقے سے اننگز کا آغاز کرتے ہوئے ٹیم کو 38رنز کا آغاز فراہم کیا کیا ،شرجیل خان17رنز بنا کر آؤٹ ہوئے ۔

احمد شہزاد نے ایک اور سٹارٹ ضائع کیا اور 25رنز بنا کر بمراہ کو وکٹ دیکر پوویلین لوٹ گئے ۔ حیران کن طور پر نمبر 3پر بلے بازی کرنے آنے والے شاہد آفریدی کچھ خاص نہ کرسکے اور 8رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے ۔ عمر اکمل اور شعیب ملک نے قومی ٹیم کو سہار دیتے ہوئے چوتھی وکٹ کے لیے 41رنز جوڑے ۔ عمر اکمل 22رنز بنا کر کر جدیجہ کے ہاتھوں آؤٹ ہوگئے ۔

(جاری ہے)

شعیب ملک بھی 16گیندوں پر 25رنز سکور کرکے پوویلین لوٹ گئے ۔

حفیظ اور سرفراز نے 10گیندوں پر 13رنز کی شراکت داری قائم کرکے پاکستان کا سکور 118تک پہنچایا،پروفیسر 5اور سرفراز 8رنز کیساتھ ناٹ آؤٹ رہے ۔ بھارت کی جانب سے نہرا ، جدیجہ، بمراہ ، پانڈیا اور رائنا نے ایک ، ایک کھلاڑی آؤٹ کیا ۔ 119رنزکے ہدف کے تعاقب میں محمد عامر نے روہت شرما کوجلدی پوویلین چلتا کیا جس کے بعد محمد سمیع نے ایک ہی اوور میں دھون اور رائنا کی وکٹیں لیکر پاکستا ن کی امیدوں کے دیے روشن کیے تاہم یورا ج سنگھ نے کوہلی کیساتھ ملکر 61رنز کی پارٹنر شپ قائم کرکے بھارت کو جیت کی جانب گامزن کیا ،یوراج 24رنز بنا کر پوویلین لوٹے جس کے بعد کوہلی نے دھونی کیساتھ ملکر بھارت کو میچ میں کامیابی دلوا دی ۔

کوہلی 55اور دھونی 13رنز کیساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔پاکستان کی جانب سے سمیع نے 2جبکہ محمد عامر اوروہاب ریاض نے ایک ، ایک شکار کیا ۔ یہ پاکستان کی ایڈن گارڈنز سٹیڈیم میں بھارت کے خلاف کسی بھی فارمیٹ کی کرکٹ میں پہلی شکست ہے ۔