ملکی نظریاتی تحفظ کیلئے مدارس ،علماء اور مذہبی طبقے کا کردار اہم ہے ، مفتی محمدنعیم

استحکام مدارس وپاکستان کانفرنس کے انعقاد سے اسلام و ملک دشمن سازشوں کا سدباب ہوگا،اجلاس سے خطاب

ہفتہ 19 مارچ 2016 21:26

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔19 مارچ۔2016ء) جامعہ بنوریہ عالمیہ کے رئیس وشیخ الحدیث مفتی محمدنعیم نے کہاکہ وفاق المدارس کی لاہور میں منعقدہونیوالی استحکام مدارس وپاکستان کانفرنس مذہبی طبقے اور ملکی نظریات کیخلاف سازشوں کے سدباب کیلئے سنگ میل ثابت ہوگی ، لاہور کی عظیم الشان کانفرنس سے یہ ثابت ہوجائے گاکہ وطن عزیز کے تشخص کیلئے مدارس اور مذہبی طبقے کا اہم کردار ہے،مدارس قائم ودائم ہیں،سازشیں ناکام ہوں گی،حکمران اپنے پیش رو حکمرانوں کے انجام سے سبق سیکھیں، مدارس کے دشمن چھپتے پھررہے ہیں ، ہفتہ کو جامعہ بنوریہ عالمیہ میں کانفرنس میں شرکت کے حوالے سے جامعہ بنوریہ عالمیہ کی مجلس تعلیمی اور انتظامیہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے رئیس وشیخ الحدیث مفتی محمد نعیم نے کہاکہ 3اپریل کی عظیم الشان کانفرنس میں شرکت کیلئے قافلے ملک بھر سے لاہور پہنچیں گے جہاں وفاق المدارس کے قائدین منظیمین مدارس سمیت سیاسی قائدین بھی خطاب کریں گے اور اہل مدارس اور مذہبی طبقے کو لائحہ عمل دیاجائے ،کانفرنس استحکام مدارس وپاکستان کیلئے سنگ میل ثابت ہوگی ،انہوں نے کہاکہ پاکستان اس وقت دیگر گوں مشکلات کا شکارہے ایک طرف دہشت گردی کے خلاف آپریشن جاری ہے تو دوسری جانب مدارس کیخلاف نت نئے پروپیگنڈوں کے ذریعے عوام کو مدارس سے بدظن کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں جبکہ ملک میں سیکولر لابی وطن عزیزکے نظریاتی تشخص کو پامال کرنے میں مصروف ہیں ایسے وقت میں کانفرنس کا اہتمام ملکی نظریاتی تشخص کیخلاف سازشوں کو بے نقاب کرنے اور مدارس کیخلاف سازشوں کے سدباب کیلئے سنگ میل ثابت ہوگا، انہوں نے کہا کہ کراچی کے تمام دینی مدارس سے طلبہ اور علماء قافلوں کی صورت میں شرکت کریں انہوں نے کہاکہ استحکام مدارس میں استحکام پاکستان ہے مدارس نے ہر دور میں ملکی تحفظ کیلئے کردار ادا کیاہے اور کرتے رہیں گے اورملک کے نظریاتی تحفظ کیلئے کردار ادا کرنے کو علماء اپنافریضہ سمجھتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ افواج پاکستان ملکی سرحدات کے محافظ ہیں اور اہل مدارس نظریاتی سرحدات کے تحفظ کیلئے ان کے شانہ بشانہ ہیں کیونکہ ہم سمجھتے ہیں کہ ملکی استحکام سے مدارس کا استحکام ہے اور مدارس کے استحکام سے ملکی استحکام ہے ،انہوں نے کہاکہ9/11کے بعد مدارس کیخلاف نت نئے پروپیگنڈے کیے گئے جن کو کامیابی نہیں ملی آج مدارس کیخلاف پروپیگنڈے کرنے والوں کوچھپنے کی جگہ نہیں مل رہی ہے ، مفتی محمدنعیم نے عوام الناس علماء مدارس منظمین سے اپیل کی ہے کہ وہ لاہور میں منعقد ہونے والی عظیم الشان کانفرنس میں بھرپور شرکت کو یقینی بناکر پاکستان کے نظریاتی تحفظ کیلئے مدارس کا ساتھ دیں۔