تونسہ لیڈی ہیلتھ ورکرز پر کتے چھوڑنے پر خدیجہ فاروقی نے پنجاب اسمبلی میں تحریک التوائے کار جمع کروادی

لیڈی ہیلتھ ورکرز اپنی جانوں کی پرواہ نہ کرتے ہوئے حکومت کی انسداد پولیو مہم میں شریک ہیں حکومت ذمہ داران کے خلاف کارروائی اور لیڈی ہیلتھ ورکرز کو تحفظ فراہم کرے ، رکن صوبائی اسمبلی

ہفتہ 19 مارچ 2016 21:03

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔19 مارچ۔2016ء ) پاکستان مسلم لیگ ق کی رکن صوبائی اسمبلی خدیجہ عمر فاروقی صدر پاکستان مسلم لیگ شعبہ خواتین پنجاب نے بااثر افراد کی جانب سے انسداد پولیو قطرے پلانے والی لیڈی ہیلتھ ورکرز پر کتے چھوڑنے اور اسے زخمی کرنے پر پنجاب اسمبلی میں تحریک التوائے کار جمع کروادی ۔اپنی تحریک التوائے کار میں انہوں نے کہا کہ لیڈی ہیلتھ ورکرز اپنی جانوں کی پرواہ نہ کرتے ہوئے حکومت کی انسداد پولیو مہم و دیگرمحکمہ صحت کے کاموں میں اپنی خدمات سرانجام دے رہی ہیں لیکن انتہائی افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ حکومت ان کے ساتھ امتیازی سلوک روا رکھے ہوئے ہے کبھی ان کی تنخواہیں روک دی جاتی ہیں اور کبھی ان کے سروس سٹرکچر میں رکاوٹیں پیدا کی جاتی ہیں جو انتہائی افسوسناک رویہ ہے۔

(جاری ہے)

خدیجہ فاروقی نے کہا کہ پولیو ایک خطرناک بیماری ہے جس کے باعث پاکستان پر کئی ممالک میں پابندیاں بھی ہیں اس کے تدارک کے لیے لیڈی ہیلتھ ورکر ز بچوں کو پولیو قطرے پلانے میں مصروف ہیں تاکہ اس بیماری کا مکمل خاتمہ ہوسکے لیکن ان پر تشدد اور کتے چھوڑنے جیسے واقعات سے انہیں ہراساں کیا جارہا ہے انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت فوری طور پر اس واقعہ میں ملوث افراد کے خلاف سخت تادیبی کارروائی کرے اور انہیں قرار واقع سزا دی جائے تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات کا تدارک ہوسکے