ایڈمنسٹریٹر کراچی کا زیر تعمیر عمارتوں کے سامنے فٹ پاتھ پر پڑے ملبے، تعمیراتی سامان اور شہر میں جانوروں کے آزادانہ گھومنے کا سخت نوٹس

فٹ پاتھوں پر پڑے ملبے کو فوراً اٹھانے کا بندوبست ، شہر میں گھومنے والے جانور اور مویشی فوری ضبط کئے جائیں، روشن علی شیخ کی سینئر ڈائریکٹر انسداد تجاوزات کو ہدایت

ہفتہ 19 مارچ 2016 18:24

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔19 مارچ۔2016ء) ایڈمنسٹریٹر کراچی روشن علی شیخ نے زیر تعمیر عمارتوں کے سامنے فٹ پاتھ پر پڑے ملبے، تعمیراتی سامان اور شہر میں جانوروں کے آزادانہ گھومنے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے سینئر ڈائریکٹر انسداد تجاوزات کو ہدایت کی ہے کہ فٹ پاتھوں پر پڑے ملبے کو فوراً اٹھانے کا بندوبست کیا جائے جبکہ شہر میں گھومنے والے جانور اور مویشی فوری ضبط کئے جائیں، پیر سے اس ہدایت پر عملدرآمد شروع کردیا جائے، کیمپ آفس میں منعقدہ ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ اس سے نہ صرف شہر میں گندگی پھیل رہی ہے بلکہ شہریوں کیلئے بھی مسائل پیدا ہورہے ہیں لہٰذا شہر کی خوبصورتی کو بحال کرنے کیلئے اس ہدایت پر فوری عملدرآمد شروع کیا جانا ضروری ہے، اجلاس میں میٹروپولیٹن کمشنر سمیع الدین صدیقی، ایڈمنسٹریٹرضلع شرقی رحمت اللہ شیخ، سینئر ڈائریکٹر میونسپل سروسز مسعود عالم، سینئر ڈائریکٹر ٹرانسپورٹ محمد اطہر، سینئر ڈائریکٹر انسداد تجاوزات بلال منظر، ڈائریکٹر پارکس اسد اللہ شاہ اور دیگر افسران نے شرکت کی، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے ہدایت کی کہ کسی بھی صورت میں فٹ پاتھ پر کوئی رکاوٹ برداشت نہیں کی جاسکتی کیونکہ فٹ پاتھ پر پیدل چلنے والے شہریوں کا حق ہے، تعمیراتی سامان اور ملبہ اگر فٹ پاتھ پر ہوگا تو اس عمارت کے مالک کے خلاف کارروائی کی جائے گی اس سلسلے میں ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈویلپرز (آباد) کو بھی اعتماد میں لیا جاچکا ہے انہو ں نے کہا کہ جو بھی لوگ اس کی خلاف ورزی کریں گے ان کے خلاف قانونی چارہ جوئی کی جائیگی، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے ہدایت کی کہ شہر میں قائم جانوروں کی منڈی اور باڑوں کو فوراً ختم کیا جائے بلدیہ عظمیٰ کراچی کی حدود میں کوئی بھی مویشی سڑکوں پر گھومتا نظر آیا تو اسے فوری طور پر ضبط کرلیا جائے گا جس کا بھاری جرمانہ وصول کیاجائے گا انہوں نے ہدایت کی کہ ایسے تمام مویشی پکڑنے کیلئے بڑا آپریشن شروع کیا جائے جو تاحکم ثانی جاری رہے گا۔

متعلقہ عنوان :