ملک کا اہم ترین مسئلہ کرپشن ہے ،معیشت کو کھوکھلا کردیا ہے‘ذکراﷲ مجاہد

حکمرانوں نے تمام وسائل کا رخ اپنے محلوں اوربنگلوں کی طرف موڑ دیا ہے‘امیرجماعت اسلامی لاہور

ہفتہ 19 مارچ 2016 18:03

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔19 مارچ۔2016ء) امیر جماعت اسلامی لاہور ذکراﷲ مجاہد نے کہا کہ ملک کا اہم ترین مسئلہ کرپشن ہے جس نے ملکی معیشت کو کھوکھلا کردیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز مختلف وفود سے ملاقاتوں کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں روزانہ 12ارب روپے سے زائد کی کرپشن ہورہی ہے۔ کرپٹ ادارے اور اشخاص یہ چاہتے ہیں کہ ان کی بجائے دوسروں کا احتساب ہوجائے۔

پنجاب میں کرپٹ اشرافیہ احتساب کے ڈر سے نیب کو ڈرااور دھمکا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے سراج الحق امیرجماعت اسلامی پاکستان کی قیادت میں ملک گیر کرپشن فری پاکستان مہم بھرپور طریقے سے شروع کردی ہے اور اس سلسلہ میں بڑے پیمانے پر اہم افراد اور عامۃ الناس سے رابطے کیے جارہے ہیں اور انہیں کرپشن کے خلاف متحرک اورمنظم کیاجارہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہمارے خود غرض حکمرانوں نے تمام وسائل کا رخ اپنے محلوں اور بنگلوں کی طرف موڑدیا ہے۔ تمام ترقیاتی کاموں کا رخ جاتی عمرہ سے ہوکے جاتا ہے،حکمرانوں کا پڑوسی شہر رائے ونڈ علاقہ غیر کی تصویرکشی کررہا ہے۔ رائے ونڈ ایک بین الاقوامی شہرہونے کے ناطے صاف پینے کے پانی سے محروم ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک عام آدمی کو اس کے حقوق نہیں ملیں گے معاشرے میں بڑھتی ہوئی بے چینی اور بدامنی کاخاتمہ ممکن نہیں ۔ کرپٹ ، بدیانت حکمران مسلسل قومی خزانے کو لوٹ رہے ہیں۔