وزیراعلیٰ بلوچستان نے وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ میں قائم عوامی شکایات سیل کا افتتاح کردیا

جمعہ 18 مارچ 2016 22:20

کوئٹہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔18 مارچ۔2016ء ) وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اﷲ خان زہری نے جمعہ کے روز وزیراعلیٰ سیکریٹریٹ میں قائم کئے گئے عوامی شکایات سیل کا افتتاح کیا، جہاں وزیراعلیٰ کو شکایات سیل کے حوالے سے بریفنگ دی گئی ، صوبائی وزیر تعلیم عبدالرحیم زیارتوال بھی موجود تھے، وزیراعلیٰ نے اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ عوامی شکایات سیل کے قیام مقصد عوام کو درپیش مسائل سے آگاہی اور ان کے فوری حل کے لیے اقدامات کرنا ہے، انہوں نے شکایات سیل کے انچارج اور دیگر عملے کو ہدایت کی کہ وہ محنت اور تندہی کے ساتھ اپنے فرائض سر انجام دیں تاکہ سیل کے قیام کے مقاصد حاصل ہو سکیں اور عوامی شکایات کو دور کر کے عوام کو فوری ریلیف دینا ممکن ہو سکے۔

واضع رہے کہ وزیراعلیٰ بلوچستان کی ہدایت پر ان کے دفتر میں شکایات سیل کا قیام عمل میں لایا گیا ہے، جو عوامی شکایات وصول کر کے انہیں فوری طور پر روزانہ کی بنیاد پر وزیراعلیٰ کو پیش کرے گا۔

(جاری ہے)

سیل میں صوبہ بھر سے عوامی مسائل جن میں سکولوں میں اساتذہ کی غیر حاضری ، علاقے میں صفائی کی صورتحال، ہسپتالوں اور ڈسپنسریوں میں ڈاکٹر وں، ڈسپنسروں اور دیگر طبی عملے کی غیر حاضری اور ہسپتالوں میں ادویات کی عدم دستیابی ، آبنوشی کی اسکیموں کے متعلقہ اہلکاروں کی غیر حاضری یا عدم تعاون، سرکاری محکموں اور اداروں میں بدعنوانی یا افسران اور اہلکاروں کے نا مناسب رویے، پولیس اور لیویز تھانوں میں ایف آئی آر یا شکایات کے اندراج میں رکاوٹ یا غیر ضروری تاخیر سے متعلق شکایات بمعہ تحریری ثبوت فراہم کی جا سکتی ہیں جن کا فوری طور پر ازالہ کیا جائیگا، وزیراعلیٰ بلوچستان نے بلدیاتی نمائندوں کو خصوصی طور پر ہسپتالوں، ڈسپنسریوں، تعلیمی اداروں اور آبنوشی کی اسکیمات کی نگرانی کا اختیار دے کر اس حوالے سے شکایات مذکورہ سیل میں ارسال کرنے کی ہدایت کی ہے، وزیراعلیٰ کو آگاہ کیا گیا کہ شکایات سیل میں ٹیلفونک ، بذریعہ ای میل، فیکس، ڈاک اور بذریعہ WhatsApp شکایات وصول کی جائیں گی، جبکہ شکایات سیل کو جلد کال سینٹر سے بھی منسلک کیا جائیگا اور گوگل (Google) ایپلیکیشن کی سہولت بھی فراہم کر دی جائے گی۔

شکایات سیل کے نمبرز 081-922550/9201798 فیکس نمبر 081-9202752 ، موبائل نمبر 0333-7801043 جبکہ ای میل ایڈریس[email protected] ہیں۔

متعلقہ عنوان :