بلاول نے اسلامی جماعتوں کا مقابلہ کرنے کیلئے امریکہ نواز سیکولر پارٹیوں کو متحد ہونے کی تجویز دی ہے‘ سینیٹر سراج الحق

عجیب تماشا ہے کسی کے ہاتھ میں جھنڈا اور کسی کے ہاتھ میں جھاڑودیا جارہا ہے،مگرجب تک ذہنوں میں موجود کچرا ختم نہیں ہوتا گلیوں بازاروں میں جھاڑو دینے سے گندگی صاف نہیں ہوگی‘ امیر جماعت اسلامی کا ناموس رسالت مارچ سے خطاب

جمعہ 18 مارچ 2016 22:05

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔18 مارچ۔2016ء) امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ حکمرانوں نے مشرف کو نظریہ ضرورت کے تحت باہر جانے کی اجازت دیکر ثابت کردیا ہے کہ یہاں آئین و قانون کی نہیں نظریہ ضرورت کی حکمرانی ہے اور نظریہ ضرورت اقتدار کے ایوانوں سے لیکر گلی کوچوں میں اپنے آپ کو منوا رہا ہے ،بلاول نے اسلامی جماعتوں کا مقابلہ کرنے کیلئے امریکہ نواز سیکولر پارٹیوں کو متحد ہونے کی تجویز دی ہے،ملک میں اصل مقابلہ غلامان مصطفے ٰ ﷺاور غلامان اوباما کے درمیان ہے جس میں آخری فتح ان شاء اﷲ محمد مصطفی ﷺکے غلاموں کی ہوگی ، عجیب تماشا ہے کسی کے ہاتھ میں جھنڈا اور کسی کے ہاتھ میں جھاڑودیا جارہا ہے،مگرجب تک ذہنوں میں موجود کچرا ختم نہیں ہوتا گلیوں بازاروں میں جھاڑو دینے سے گندگی صاف نہیں ہوگی،ملک میں عدالتی نظام مفلوج ہوکر رہ گیا ہے،احتساب کے ادارے اپنی ناکامیوں پر رو رہے ہیں،نیب مچھروں کو پکڑتا اور مگر مچھوں کو چھوڑ دیتا ہے ،اربوں لوٹنے والوں سے چند لاکھ لیکر چھوڑ دینا ہر کسی کو کرپشن کی دعوت دینے کے مترادف ہے ،قومی خزانے کو لوٹنے والوں سے حساب برابر کرنے اور اسلامی و خوشحال پاکستان کیلئے عوام کرپشن فری پاکستان تحریک کا حصہ بن جائیں ،ممتاز قادری شہید ؒ اور ڈاکٹر عافیہ صدیقی قیامت کے دن نواز شریف کا گریبان ضرور پکڑیں گے ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے حیدر آباد میں جماعت اسلامی ضلع حیدرآبادکے زیراہتمام تلک چاڑی سے کوہ نور چوک تک ناموس رسالت ؐ مارچ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔امیر جماعت اسلامی سندھ ڈاکٹر معراج الھدیٰ صدیقی ،محمد حسین محنتی،جماعت اسلامی ضلع حیدرآبادکے امیر حافظ طاہرمجید،جنرل سیکریٹری ڈاکٹرڈاکٹرسیف الرحمن ،نظریہ پاکستان کونسل کے صوبائی رہنمافیصل ندیم ،جمعیت علماء پاکستان نورانی کے ناظم علی آرائیں،جمعیت علماء اسلام کے رہنماخالدحسین دھامرہ ودیگر نے خطاب کیا۔

سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ پاکستان اور پاکستانیت کواندر سے خطرہ ہے یہی وہی لابی ہے جس نے مشرقی پاکستان گنوایاتھااب لبرل ازم کی مالاجپ رہی ہے ۶۸ سال گزرگئے ملک میں اسلام کاقانون نافذنہیں ہوسکا،نسواں بل کے نام پر پنجاب اسمبلی میں خواتین کے حقوق پر ڈاکہ ڈالاگیاہے یہی وہی پرویزمشرف کانامکمل ایجنڈاہے جسے موجودہ حکمران پور اکرنے میں لگے ہوئے ہیں ملک میں کرپشن کے سمندربہ رہے ہیں کھربوں روپے بیرون ملک ہیں غریب کابچہ روٹی اورتعلیم سے محروم ہے نظریاتی کرپشن وبابنی ہوئی ہے کراچی میں جھاڑوپکڑ نے سے کچراختم نہیں ہوسکتاجب تک ذہنوں میں بیٹھاکچراختم نہیں ہوجاتا۔

پرویزمشرف کے معاملے میں عدالت نے اپنی ذمہ داری پوری نہیں کی اور جووزراء پرویزمشرف کی رہائی پر مستعفی ہونے کی باتیں کرتے تھے اب انھیں اپنی زبان کاپاس رکھتے ہوئے مستعفی ہوجاناچاہیے احتساب کے نام پر مچھروں کوپکڑنے کی کوشش ہورہی ہے برائے نام احتساب ہورہاہے ۔صرف کرپشن کوکنٹرول کرلیں توہربچہ کوتعلیم ،ہرمریض کوعلاج وصحت ،ہربے روزگار نوجوان کوروزگار،ہرخاندان کومکان اور ہربجٹ ٹیکس فری بجٹ ہوسکتاہے جماعت اسلامی کے افرادوزارتوں میں رہے ہیں اسمبلیوں میں رہے ہیں کام کیاہے کسی قسم کی کرپشن نہیں ،کرپٹ نظام کوجڑ سے اکھاڑنے کے لیے نظریہ پاکستان ،تکمیل پاکستان کرپشن فری پاکستان مہم چلارہے ہیں رنگ ونسل سے بالاترہوکر ہم سب کواس کے لیے جدوجہدکرناچاہیے۔

سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ پاکستان میں اﷲ اور اس کے رسول ﷺ کاقانون چلے گاعشق رسول مسلمانوں کی نبی مہربان ﷺ سے محبت کی معراج ہے امام حسین ؓ پر فخر کرنے والے توہیں مگر یزیدکے نام لیواتک موجودنہیں کراچی کے بعدحیدرآبادنے بھی ثابت کردیاہے کہ غلامان مصطفیٰ ﷺ بیدارہیں ناموس رسالت ؐ اورنظریہ پاکستان کے لیے دینی جماعتوں کومنصورہ میں جمع کیاہے اب بلاول بھٹونے ہم غلامان مصطفیٰ ؐ کے خلاف غلامان امریکہ کومتحدہونے کی اپیل کی ہے ان شاء اﷲ فتح غلامان رسول ؐ کی ہوگی ۔

امیرجماعت اسلامی سندھ ڈاکٹرمعراج الہدیٰ صدیقی نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ حیدرآبادکے تاریخی ناموس رسالت ؐ مارچ نے لبرل ازم اور سیکولرازم کاجنازہ نکال دیاہے اورثابت کردیاہے کہ غلامی رسول ؐ ہرمسلماں کی متاع حیات ہے ۔جس میڈیاکوانیس قائمخانی کی ۹ انچ کی چپل تونظرآگئی لیکن غازی ملک ممتازحسین قادری شہیدکاچالیس کلومیڑ طویل جنازہ نظر نہیں آیاہم اس میڈیاچینل اور اخبارات کاشکریہ اداکرتے ہیں جنھوں نے غازی ممتازقادری کے معاملے پر عوام کو کوریج دکھائی۔

جماعت اسلامی سندھ کے جنرل سیکریٹری ممتازحسین سہتونے کہاکہ پاکستان کے تمام دساتیر میں قراردادمقاصدشا مل کیاگیاہے جس میں ملک میں اﷲ کی حاکمیت اور اقتداراعلیٰ کااقرارکیاگیاہے لیکن حکمرانوں نے ملک ِپاکستان میں کبھی اﷲ کے اقتداراعلیٰ کوعملاًنافذنہیں ہونے دیا۔73ء کے دستورمیں ہے کہ جو شخص حضور ﷺ کوخاتم النبیین نہیں مانتاوہ کافرہے پاکستان میں ہندوسکھ عیسائی یہودی سب کورہنے کی اجازت ہے لیکن گستاخ رسول کے لیے یہاں کوئی گنجائش نہیں ہے ۔

نائب امیرجماعت اسلامی سندھ محمدحسین محنتی نے کہاکہ جن لوگوں نے اﷲ کے رسول ؐ کی شان میں گستاخیاں کی ہیں ان کاانجام عبرت ناک ہواہے نوازشریف کے لیے پہلے روضہ ء رسول پر زندہ بادکے نعرے لگتے تھے ممتازقادری کوپھانسی دینے کے بعدنوازشریف کی آمدپر مردہ بادکے نعرے لگے ہیں ناموس رسالت ﷺ مارچ میں ممتازقادری شہیدکے واقعے کی بہترین کوریج پر ٹی وی چینل اور اخبارات کوناموس رسالت ﷺ ایوارڈ دیے گئے ۔