پاک پلاسٹک نمائش کو نمائش کنندگان کی جانب سے زبردست پذیرائی

جمعہ 18 مارچ 2016 18:58

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔18 مارچ۔2016ء)لاہور کے ایکسپو سینٹر میں 25تا27مارچ تک منعقد ہونے والی پاک پلاسٹک نمائش میں شرکت کیلئے نمائش کنندگان کی جانب سے زبردست پذیرائی حاصل ہورہی ہے ۔اس میگا ایونٹ کا اہتمام پاکستان پلاسٹک مینو فیکچررز ایسوسی ایشن (پی پی ایم اے) کی جانب سے کیا جارہا ہے جو کہ انٹر نیشنل پلاسٹک ایگزیبیشن کا ایک حصہ ہے ۔

(جاری ہے)

اس نمائش میں150سے زائد مقامی و بین الاقوامی نمائش کنندگان کی شرکت متوقع ہے جبکہ نمائش میں1لاکھ سے زائد افراد کی شرکت کی توقع بھی کی جارہی ہے ۔اس نمائش میں پاکستان کی پلاسٹک صنعت کی جدید اور کامیاب مصنوعات کا ڈسپلے کیا جائیگا جبکہ نمائش کی دیگر خصوصیات میں معلوماتی سیشنز بھی شامل ہیں جہاں پلاسٹک کی مقامی صنعت سے متعلق تکینکی ترقی،استعداد ،رجحانات اور برآمدی صلاحیت سے متعلق تبادلہ خیال کیا جائیگا۔اس تین روزہ ایونٹ میں پلاسٹک کی صنعت سے وابستہ مقامی و بین الاقوامی خریدار،ماہرین،انٹر پرینیورز،ریگولیٹرز،سرمایہ کاراورپروفیشنلز شرکت کرینگے اور اپنے اپنے کاروبار کی توسیع کے حوالے سے اس پلیٹ فارم سے استفادہ کرینگے۔