افغان طالبان کا امریکی ہیلی کاپٹر مار گرانے اورسوارتمام فوجیوں کی ہلاکت کا دعویٰ ،نیٹو کی تردیدہنگامی لینڈنگ کی تصدیق

کابل میں عسکریت پسند گروپ نوروز کی تقریبات کو نشانہ بناسکتے ہیں، امریکی سفارتخانے نے سیکورٹی الرٹ جاری کردیا

جمعہ 18 مارچ 2016 18:52

کابل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔18 مارچ۔2016ء ) افغان طالبان نے جنوبی صوبہ ہلمند میں امریکی ہیلی کاپٹر کو مار گرانے اور اس میں سوارتمام فوجیوں کی ہلاکت کا دعویٰ کیا ہے کہ تاہم نیٹو نے ہیلی کاپٹر کے ہنگامی لینڈنگ اور کوئی بھی جانی نقصان نہ ہونے کی تصدیق کی ہے ،ادھر سیکورٹی فورسز نے خفیہ ایجنسی این ڈی ایس کے قائمقام سربراہ کے گھر پر حملے کی سازش ناکام بنادی ،دوسری جانب کابل میں امریکی سفارتخانے نے اپنے شہریوں کیلئے سیکورٹی الرٹ جاری کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ عسکریت پسند گروپ نوروز کی تقریبات کو نشانہ بناسکتے ہیں۔

جمعہ کو افغان میڈیا کے مطابق طالبان نے دعویٰ کیا ہے کہ جنوبی صوبہ ہلمند میں امریکی ہیلی کاپٹر کو تباہ کردیا گیا جس کے نتیجے میں ہیلی کاپٹر میں سوار تمام امریکی مارے گئے ۔

(جاری ہے)

واقعہ صوبہ ہلمند کے ضلع ناد علی کے علاقے شوال مندا میں پیش آیا۔کابل کے ایک مقامی اخبار کی طرف سے فیس بک پر پوسٹ کی گئی تصویر میں گرتے ہوئے ہیلی کاپٹر کو دکھایا گیا ہے ۔

غیر مصدقہ سوشل میڈیا اطلاعات کے مطابق ہیلی کاپٹر میں سوار 4 فوجی ہلاک ہوگئے ۔ادھر نیٹو نے صوبہ ہلمند یں ہیلی کاپٹر کے ایمرجنسی لینڈنگ کرنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس واقعے میں کوئی جانی نقصا ن نہیں ہوا۔نیٹو حکام کا کہنا ہے کہ ہیلی کاپٹر کے حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ،واقعے کے فوری بعد ہیلی کاپٹر کو تلاش کرلیا گیا ۔نیٹو مشن کے پبلک افیئرز کے ڈائریکٹر امریکی فوج کے کرنل مائیکل لاہورن نے بتایا ہے کہ ہم نیٹو کے ہیلی کاپٹر کی ہنگامی لینڈنگ کی تصدیق کرتے ہیں ابتدائی رپورٹ کے مطابق علاقے میں کوئی دشمن سرگرمی نہیں تھی۔

ہیلی کاپٹر میں سوار تمام افراد کو بحفاظت نکال لیا گیا اور تحقیقات شروع کردی گئی ہے۔ افغان سیکورٹی فورسز نے خفیہ ایجنسی این ڈی ایس کے قائمقام سربراہ کے گھر پر حملے کی سازش ناکام بنادی ۔حکام کاکہنا ہے کہ سیکورٹی فورسز نے خفیہ ایجنسی این ڈی ایس کے قائمقام سربراہ مسعود اندرابی کی رہائش گاہ پر حملہ کرنے سے پہلے عسکریت پسندوں کوشناخت کرکے گرفتار کرلیا۔

نیشنل ڈائریکڑیٹ آف سیکورٹی (این ڈی ایس )کی جانب سے واقعے کے حوالے سے کوئی تبصرہ سامنے نہیں آیا۔دوسری جانب کابل میں امریکی سفارتخانے نے افغانستان میں اپنے شہریوں کیلئے سیکورٹی الرٹ جاری کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ عسکریت پسند گروپ کابل میں نوروز کی تقریبات کو نشانہ بناسکتے ہیں۔امریکی سفارتخانے کا کہنا ہے کہ کابل میں سفارتخانے کو اطلاعات ملی ہیں کہ عسکریت پسند کابل میں نوروز کی تقریبات پر حملے کرنے کی منصوبہ بندی کرچکے ہیں۔امریکی شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے ۔

متعلقہ عنوان :