لاہور کے بعد شیخوپورہ، ننکانہ صاحب اور قصور میں بھی ماڈل ریڑھیاں ریڑھی بانوں کو دینے کا عمل شروع

لاہور میں پنجاب فوڈ اتھارٹی تمام ماڈل ریڑھی بانوں کی رجسٹریشن کا عمل مکمل کرے‘ کمشنر لاہور ڈویژن عبداﷲ سنبل

جمعہ 18 مارچ 2016 18:42

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔18 مارچ۔2016ء) کمشنر لاہور ڈویژن عبداﷲ خان سنبل نے کہا ہے کہ ضلع لاہور کے بعد ضلع شیخوپورہ، ننکانہ صاحب اور ضلع قصور میں بھی صاف ستھری غذا کی فراہمی اور بازاروں کی خوبصورتی کے لیے ماڈل ریڑھیاں ریڑھی بانوں کو دینے کا عمل شروع ہو چکا ہے جو نہایت خوش آئند ہے۔ کمشنر لاہور ڈویژن عبداﷲ خان سنبل کی زیر صدارت ماڈل ریڑھیوں کے حوالے سے اجلاس میں ڈی سی او لاہور کیپٹن (ر) محمد عثمان سمیت دیگر اضلاع کے اے ڈی سی ز، پنجاب فوڈ اتھارٹی کے افسران، لاہور کے ٹی ایم اوز اور اخوت کے ذمہ داران نے شرکت کی۔

انہوں نے کہا کہ لاہور میں دوسرے مرحلے میں گلشن راوی، شاہدرہ ٹاؤن، گرین ٹاؤن اور نشتر ٹاؤن میں ماڈل ریڑھیوں کے لیے اخوت ، متعلقہ ٹی ایم ایز کے ساتھ مل کر ریڑھی بانوں کا سروے کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

رواں ماہ میں ہی ان علاقوں میں ماڈل ریڑھیاں دی جائیں گی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ لاہور میں پنجاب فوڈ اتھارٹی تمام ماڈل ریڑھی بانوں کی رجسٹریشن کا عمل مکمل کرے۔ انہوں نے کہا کہ ان ماڈل ریڑھیوں کو روزانہ کی بنیاد پر ضرور چیک کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ماڈل ریڑھیوں کے حوالے سے فیڈ بیک نہایت مثبت رہا ہے۔ کمشنر لاہور ڈویژن عبدﷲ خان سنبل نے اجلاس کے شرکاء کو آگاہ کیا کہ لاہور میں ماڈل ریڑھیوں کا کامیاب ماڈل پراجیکٹ پنجاب کی دیگر دو ڈویژنز ملتان اور راولپنڈی کو بھی دیا جا رہا ہے۔

متعلقہ عنوان :