پاکستان نیشنل کونسل آف آرٹس ،وزارتِ اطلاعات، نشریات و قومی ورثہ نے یومِ پاکستان شایان شان طریقہ سے منانے ،نوجوان نسل کو بزرگوں کی قربانیوں سے آگاہ کرنے ،پاکستانی ثقافتی ورثہ سے روشناس کرانے کیلئے خصوصی پروگرام ترتیب دے دیئے

جمعہ 18 مارچ 2016 16:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔18 مارچ۔2016ء) پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس ،وزارتِ اطلاعات، نشریات اور قومی ورثہ نے یومِ پاکستان کو شایانِ شان طریقہ سے منانے اور نوجوان نسل کو بزرگوں کی قربانیوں سے آگاہ کرنے اور پاکستانی ثقافتی ورثہ سے روشناس کرانے کے لیے خصوصی پروگرام ترتیب دئیے ہیں۔ ان پروگراموں کا مقصد تحریک پاکستان کے ہیروز کو خراج عقیدت پیش کرنے کے ساتھ ساتھ نوجوانوں میں پاکستان سے محبت کرنے اور خوشحالی کیلئے مسلسل محنت کرنے کے جذبات کو پیدا کرنا ہے۔

ان پروگراموں میں عوامی جمہوریہ چین کے فنکاروں پر مشتمل خصوصی ثقافتی طائفہ بھی شرکت کریگا جو 23مارچ کو دن 3 بجے پی این سی اے آڈیٹوریم میں پاکستانی و چینی موسیقی اور رقص پیش کرینگے۔

(جاری ہے)

23 مارچ کو شام 7 بجے اسی آڈیٹوریم میں پاکستان کے نامور گلوکار سائرہ نسیم، فضل جٹ، ندیم عباس لونے والا اپنے فن کا مظاہرہ کرینگے۔ اس کے علاوہ نیشنل پرفارمنگ آرٹس گروپ کے ڈانسرز علاقائی رقص پیش کریں گے۔

جمعرات 24 مارچ کو دن 4 بجے پی این سی اے کا قومی پتلی گھر تحریک پاکستان کی کہانی پتلیوں کے زبانی پیش کریگا۔ صحت ، تعلیم اور ماحولیات پر خاکے بھی پروگرام کا حصہ ہے۔ اسی روز شام 7 بجے خواجہ معین الدین کا شہرہ آفاق کھیل تعلیمِ بالغاں پیش کیا جائے گا جس میں معروف فنکار قوی خان، قاضی واجد ، باطن فاروقی، طاہر صدیقی، امتیاز علی کاشف اور غیاث مستانہ قومی ترقی کیلئے اتحاد تنظیم اور یقین محکم کی ضرورت کو نوجوانوں کے سامنے لانے کی کوشش کرینگے۔

متعلقہ عنوان :