نواز شریف نے مشرف پر آرٹیکل 6 چلانے کا بہت شور مچایا تھا ‘ناداں گر گئے سجدے میں جب وقت قیام آیا“عمران خان

جمعہ 18 مارچ 2016 14:28

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔18 مارچ۔2016ء) پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کو بیرون ملک جانے کی اجازت دینے کے حکومتی فیصلے پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ نواز شریف نے آرٹیکل 6 کا بہت شور مچایا تھا ‘صرف اتنا ہی کہوں گا کہ ”وہ ناداں گر گئے سجدے میں جب وقت قیام آیا“ مسئلہ کشمیر کو ہم نظر انداز نہیں کر سکتے ‘ بات چیت کریں تو ہی مسائل کا حل نکلے گا ‘ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کو سمجھاؤں گا کہ کس سوچ کیساتھ میدان میں اترنا ہے ‘ ہم ٹیم کو ہماچل پردیش میں بالکل بھی نہیں کھیلنا چاہیے تھا ‘ شیخ رشید نے ہمارے ساتھ جانا تھا ‘ وہ جلدی چلے گئے، طاہر القادری کی بھارت میں موجودگی کا علم نہیں ۔

(جاری ہے)

جمعہ کو بھارت روانگی سے قبل بنی گالہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہاکہ پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ ہمیشہ سے بہت دباوٴ والا ہوتا ہے اور میں کوشش کروں گا کہ اپنے تجربے کی بنیاد پر قومی ٹیم کو کچھ ٹپس فراہم کر سکوں۔ انہوں نے کہاکہ قومی ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی نے مجھ سے رہنمائی مانگی تھی، میں ٹیکنیکل طور پر تو نہیں جانتا کہ ہمارے لڑکوں کی کیا خامیاں ہیں تاہم میں کھلاڑیوں کو ذہنی طور پر ضرور تیار کر سکتا ہوں اور انھیں بتاوٴں گا کہ کس سوچ کے ساتھ بھارت کے خلاف میدان میں اترنا ہے۔

عمران خان نے کہاکہ ہماچل پردیش میں ہماری ٹیم کو بالکل بھی نہیں کھیلنا چاہیے تھا کیونکہ وہاں کے وزیراعلیٰ کا بیان مہمان نوازی کے تقاضوں کے خلاف تھا۔انہوں نے کہاکہ اپنے ووٹرز کو خوش کرنے کیلئے دوسروں کے خلاف نفرت بڑھانا ایک کمزور سیاستدان کی نشانی ہے، سیاستدان تو لوگوں کو جوڑتے ہیں ‘تقسیم کرنے والوں کی سوچ تو بہت محدود ہوتی ہے ‘ہماچل پردیش میں میچ کے تو میں خلاف تھا تاہم کولکتہ میں ہماری ٹیم کی زبردست مہمان نوازی کی گئی اور بنگلہ دیش کے خلاف میچ میں کراوٴڈ تھا بہت تھا ‘ بنگال کی وزیراعلیٰ نے تو مجھے ملاقات کی دعوت بھی دی ہے جو بہت ہی اچھی مثال ہے، ان سے ملاقات بھی کروں گا ‘ مسئلہ کشمیر کو ہم نظر انداز نہیں کر سکتے، بات چیت کریں تو ہی مسائل کا حل نکلے گا۔

تجارت ہمارے فائدے میں ہے لیکن عزت نفس بھی بہت اہمیت رکھتی ہے۔تحریک انصاف کے چیرمین نے کہاکہ شیخ رشید نے ہمارے ساتھ جانا تھا لیکن وہ جلدی چلے گئے، طاہر القادری کی بھارت میں موجودگی کا علم نہیں اور ویسے بھی ایسی کون سی بات ہے جو پاکستان میں نہیں ہو سکتی اور بھارت میں ہو سکتی ہے، آج جدید دور ہے ٹیلی فون پر بھی بات ہو سکتی ہے۔پرویز مشرف سے متعلق پوچھے گئے سوال پر عمران خان نے کہاکہ نواز شریف صاحب نے آرٹیکل 6 کا بہت شور مچایا تھا اور بڑے بڑے دعوے کئے تھے اور اس پر صرف اتنا ہی کہوں گا کہ ’وہ ناداں گر گئے سجدے میں جب وقت قیام آیا۔

متعلقہ عنوان :