پاک بھارٹ مقابلہ دیکھنے کیلئے بھارت جانے کے خواہاں 16400پاکستانیوں کی ویزہ درخواستیں مسترد

جمعہ 18 مارچ 2016 13:05

پاک بھارٹ مقابلہ دیکھنے کیلئے بھارت جانے کے خواہاں 16400پاکستانیوں کی ..

لاہور/نئی دہلی( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔18 مارچ۔2016ء) بھارتی حکومت نے روایتی حریفوں کے درمیان میچ دیکھنے کیلئے بھارت جانے کے خواہشمند 16400پاکستانیوں کی ویزہ درخواستیں مستردکیں، صرف 600ویزے جاری کئے گئے ، پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کے سکیورٹی آفیسر میجر (ر) اظہر کو بھی ویزا دینے سے انکار کر دیا جسکے بعد پی سی بی نے متبادل سکیورٹی آفیسر یونس بٹ کے ویزے کی درخواست جمع کر ادی ۔

تفصیلات کے مطابق پاکستانیوں کی ایک بڑی تعداد ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں بھارت کے خلاف میچ کے دوران اپنی ٹیم کو سپورٹ کرنے کیلئے کولکتہ جانے کے خواہشمند تھے تاہم بھارتی حکومت نے روایتی ہٹ دھرمی کامظاہرہ کرتے ہوئے ہزاروں پاکستانیوں کی درخواستیں مسترد کر دیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق کولکتہ میں بڑے میچ کے لیے پاکستان سے 17ہزار بھارتی ویزوں کی درخواستیں کی گئیں تاہم بھارتی حکومت نے صرف 600پاکستانیوں کو ویزہ جاری کیا۔

(جاری ہے)

بھارتی وزارت داخلہ حکام کا کہنا ہے کہ جنہوں نے ویزہ درخواستوں کے لیے مطلوبہ دستاویزات فراہم کیں صرف انہیں ہی ویزہ دیا گیا۔رپورٹس کے مطابق کولکتہ اسٹیڈیم میں 65ہزار تماشائیوں کے بیٹھنے کی گنجائش ہے اور بھارتی حکومت مقامی شائقین سے اسٹیڈیم کو بھر کر پاکستانی ٹیم کو دباؤ میں لانا چاہتی ہے۔دوسری طرف ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کی میزبانی کی آڑ میں بھارتی حکومت کی ہٹ دھرمی جاری ہے جس نے پاکستان وویمن کرکٹ ٹیم کے سکیورٹی آفیسر میجر (ر) اظہر کو ویزا دینے سے انکار کر دیا جبکہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے بھی بھارتی حکومت کے اس فیصلے پر احتجاج کی بجائے متبادل سکیورٹی آفیسر کے لئے یونس بٹ کے ویزے کی درخواست دیدی ۔

متعلقہ عنوان :