غلام علی ہندوستانی گجرات میں پرفارم کریں گے

جمعہ 18 مارچ 2016 11:38

غلام علی ہندوستانی گجرات میں پرفارم کریں گے

گجرات (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔18 مارچ۔2016ء)نامور غزل گائیک غلام علی اپنے متعدد کنسرٹ منسوخ ہونے کے باوجود ایک مرتبہ پھر ہندوستان میں پرفارم کریں گے۔75 سالہ گلوکار غلام علی کو چار روزہ ثقافتی تقریب میں پرفارم کرنے کے لیے دعوت دی گئی ہے، جہاں غلام علی کے ساتھ مزید 9 فنکاروں کو ایوارڈز سے بھی نوازا جائے گا۔بھارتی اخبار کی ایک رپورٹ کے مطابق ریاست گجرات کے ضلع باون نگر میں اس ایونٹ کا انعقاد مذہبی لیڈر موراری باپو نے کیا ہے جو 19 مارچ سے 22 مارچ تک جاری رہے گا۔

ایونٹ آرگنائزر اور موراری کے قریبی ساتھی ہریش جندرہ جوشی کا کہنا تھا کہ یہ ایوارڈ تالگاجردا گاوٴں میں موراری باپو کے ٹرسٹ شری چتراکٹدھم کی جانب سے پیش کیے جائیں گے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ’غلام علی اس چار روزہ ایونٹ میں ایک دن پرفارم کریں گے، وہ اس سے قبل بھی یہاں پرفارم کر چکے ہیں، غلام علی کو مزید 5 فنکاروں کے ہمراہ ایونٹ کے آخری روز ’ہنومنت ایوارڈ‘ دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

جوشی کا مزید کہنا تھا کہ مزید 4 فنکاروں کو بھی ’ہنومنت ایوارڈ‘ دیاجارہا ہے، جن میں کلاسیکل ڈانسر، لوک سبہا کی رکن اور بولی وڈ اداکارہ ہیما مالنی بھی شامل ہیں، واضح رہے کہ یہ ایوارڈ گذشتہ 10 برسوں سے دیا جارہا ہے۔جوشی نے مزید بتایا کہ ’فلم اداکار دھرمندر کو ان کی خدمات کے اعتراف میں مزید تین فنکاروں کے ہمراہ ’نترج ایوارڈ‘ دیا جائے گا۔واضح رہے کہ ہندو انتہا پسند جماعت شیو سینا کی دھمکیوں کے باعث غلام علی کے متعدد کنسرٹ ہندوستان میں منسوخ ہوچکے ہیں تاہم رواں برس جنوری میں کلکتہ میں ہونے والا ان کا کنسرٹ بغیر کسی پریشانی کے منعقد ہوا۔