پاکستان علماء کونسل کی مرکزی مجلس شوریٰ کا اجلاس 27مارچ کو فیصل آباد میں طلب

اجلاس میں ملک کی موجودہ صورتحال ،تحفظ حقوق نسواں بل ،پاکستان علماء کونسل کی رکنیت سازی اور جماعتی انتخابات کے بارے میں اہم فیصلے کئے جائیں گے، تحفظ حقوق نسواں بل پر ملک کے اہم مفتیان کرام اور قانونی ماہرین کا اجلاس 22مارچ کو فیصل آباد میں ہوگا‘طاہر محموداشرفی

جمعرات 17 مارچ 2016 20:56

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔17 مارچ۔2016ء) ملک کے موجودہ حالات پر پاکستان علماء کونسل کی مرکزی مجلس شوریٰ کا اجلاس 27مارچ کو فیصل آباد میں بلالیا ‘ اجلاس میں ملک کی موجودہ صورتحال ،تحفظ حقوق نسواں بل ،پاکستان علماء کونسل کی رکنیت سازی اور جماعتی انتخابات کے بارے میں اہم فیصلے کئے جائیں گے، تحفظ حقوق نسواں بل پر ملک کے اہم مفتیان کرام اور قانونی ماہرین کا اجلاس 22مارچ کو فیصل آباد میں ہوگا۔

یہ بات پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین اور وفاق المساجد پاکستان کے صدر حافظ محمد طاہر محموداشرفی نے علماء کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان لاالہ الااﷲ کی بنیاد پر قائم ہوا ہے اور کوئی قوت اور طاقت پاکستان کو اسکے نظرئیے اور اساس سے نہیں ہٹا سکتی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو لادین اور سیکولر ریاست بنانے کا مطالبہ کرنے والے چند سو افراد ہیں جبکہ پاکستان میں نظام مصطفی کا مطالبہ کرنے والے اور نظام مصطفی پر جانیں قربان کرنے والے کروڑوں میں ہیں۔

پاکستانی قوم پاکستان کو مدینہ منورہ کی طرز کی ریاست دیکھنا چاہتی ہے جس میں تمام لوگوں کو یکساں حقوق حاصل ہوں اور انصاف میسر ہو اور کوئی بھی فرد ،گروہ یا جماعت تعصب کی بنیاد پر کسی کی حق تلفی نہ کرسکے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان علماء کونسل مئی اور جون میں ملک بھر میں علماء،خطباء،آئمہ اور مدرسین کیلئے عصر حاضر کے تقاضوں اور فتنوں سے آگاہی کیلئے تربیتی نشستوں کا اہتمام کرے گی۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ تحفظ نسواں بل پر بعض اعتراضات ہیں لیکن بل کو مکمل طور پر غیر شرعی قرار دینا درست نہیں ہے۔ہم چاہتے ہیں کہ جو جماعتیں اس بل کو مکمل طور پر غیر شرعی کہہ رہی ہیں وہ اس بل کی شقوں کے بارے میں اپنی رائے دیں تاکہ عوام الناس اور حکومت کیلئے سمجھنے میں آسانی ہو کہ کن وجوہات کی بنیاد پر وہ اس بل کو غیر شرعی کہہ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اسلامی نظریاتی کونسل سمیت تمام اداروں کو بل کا مطالعہ کرکے اپنی رائے دینی چاہئے تھی۔کنونشن سے مرکزی سیکرٹری جنرل صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی،مولانا عبد الحمید وٹو،مولانا ایوب صفدر،مولانا اسد اﷲ فاروق،مولانا عبد الحمید صابری،مفتی وحید احمد سواتی،مولانا اسعد زکریا ،مولانا نعمان حاشر،قاری احمد علی ندیم،مولانا عمر عثمانی،مولانا شفیع قاسمی،مولانا محمد مشتاق لاہوری،مولانا عبد القیوم ودیگر نے بھی خطاب کیا۔

متعلقہ عنوان :