نیپال ٗ سرتاج عزیز کی بھارتی وزیر خارجہ سے ملاقات ٗ مودی کیلئے سارک سربراہ کانفرنس کا دعوت نامہ سپرد کیا

واشنگٹن میں نیوکلیئر سمٹ کے موقع پر پاک بھارت وزرائے اعظم کی ملاقات متوقع ہے ٗ امید ہے وزرائے اعظم کی ملاقات کے بعد دوطرفہ رابطے بڑھیں گے ٗپاکستان کی طرف سے پٹھان کوٹ واقعہ کی تحقیقات میں تعاون کے اچھے نتائج مرتب ہونگے ٗ سرتاج عزیز پٹھان کوٹ واقعہ پر پاکستانی ٹیم 27مارچ کو بھارت پہنچے گی ٗ28مارچ کو اپنا کام شروع کر دیگی ٗ سشما سوراج

جمعرات 17 مارچ 2016 19:52

پوکھارا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔17 مارچ۔2016ء) وزیر اعظم کے مشیر برائے خارجہ امور سرتاج عزیز نے کہاہے کہ واشنگٹن میں نیوکلیئر سمٹ کے موقع پر پاک بھارت وزرائے اعظم کی ملاقات متوقع ہے ٗ امید ہے وزرائے اعظم کی ملاقات کے بعد دوطرفہ رابطے بڑھیں گے ٗپاکستان کی طرف سے پٹھان کوٹ واقعہ کی تحقیقات میں تعاون کے اچھے نتائج مرتب ہونگے جبکہ بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج نے اعلان کیا ہے کہ پٹھان کوٹ واقعہ پر پاکستانی ٹیم 27مارچ کو بھارت پہنچے گی ۔

جمعرات کو وزیراعظم کے مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے نیپال کے شہر پوکھارا میں سارک وزرائے خارجہ کے اجلاس کی سائیڈ لائنز پر بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج سے ملاقات کی اور انہیں وزیر اعظم نریندر مودی کیلئے پاکستان میں ہونے والی سارک سربراہ کانفرنس کادعوت نامہ پہنچایا سارک سربراہ اجلاس نواور 10نومبر کو اسلام آباد میں ہوگا اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے کہاکہ سارک وزارتی اجلاس بہت اچھے ماحول میں ہواہے اور سارک سے متعلق تمام معاملات طے کرلئے گئے ہیں انہوں نے کہاکہ ملاقات میں سارک کے ایجنڈے پر بھی بات چیت ہوئی۔

(جاری ہے)

سارک کے تمام ایشوز کونسل کے اجلاس میں حل کرلئے گئے ہیں انہوں نے کہاکہ پٹھان کوٹ واقعہ سے پاکستان اور بھارت کی قیادت میں رابطوں کا التواء آیا تھا پاکستان کی طرف سے پٹھان کوٹ واقعہ کی تحقیقات میں تعاون کے اچھے نتائج مرتب ہونگے ۔ انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم نواز شریف نیوکلیئر سمٹ میں شرکت کیلئے 31مارچ کو واشنگٹن جارہے ہیں امید ہے واشنگٹن میں پاک بھارت وزرائے اعظم کی ملاقات ہوگی ۔

امید ہے وزرائے اعظم کی ملاقات کے بعد دوطرفہ رابطے بڑھیں گے ۔انہوں نے کہاکہ بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج سے بہت اچھے ماحول میں بات چیت ہوئی ہے اور ملاقات کے دور ان پاک بھارت مذاکرات پر تبادلہ خیال کیا گیاانہوں نے کہاکہ میری ملاقات کا بنیادی مقصد سارک سربراہ کانفرنس کا دعوت نامہ دینا تھا۔اس موقع پر بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج نے بتایاکہ پٹھان کوٹ واقعہ پر پاکستانی ٹیم 27مارچ کی رات کو بھارت آرہی ہے اور 28مارچ کو اپنا کام شروع کر دیگی جبکہ سرتاج عزیز نے نیپال، بھوٹان اور مالدیپ کے وزرائے خارجہ کو بھی ان کے ملک کے سربراہان کیلئے رواں سال پاکستان میں ہونے والی سارک سربراہ کانفرنس میں شرکت کا دعوت نامہ دیا۔

اس سے قبل دونوں رہنماؤں کے درمیان ناشتے کی میز پرغیر رسمی ملاقات ہوئی جس میں سارک ممبرممالک کے دیگر وزرائے خارجہ بھی موجود تھے جبکہ سرتاج عزیز اور سشما سوراج ایک دوسرے کے قریب کرسیوں پر براجمان تھے جہاں خوشگوار ماحول میں تبادلہ خیال کیا گیا۔