قومی اسمبلی میں اراکین اسمبلی کی پارلیمانی سیکرٹری خزانہ سے تنخواہوں میں کمی کی شکایت

میرے سیکرٹری کی تنخواہ مجھ سے4گنا زیادہ ہے،اسٹیٹ بنک کی پالیسی کے مطابق کریڈٹ کارڈ بھی پارلیمنٹ کے ممبران کو جاری نہیں کیاجاتا،سپیکر قومی اسمبلی

جمعرات 17 مارچ 2016 19:42

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین ۔ 17 مارچ۔2015ء) قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران اراکین اسمبلی نے پارلیمانی سیکرٹری برائے خزانہ سے تنخواہوں میں کمی کی شکایت کی ،اسپیکر اسمبلی سردار ایاز صادق بھی پیچھے نہ رہے اور انہوں نے انکشاف کیا کہ میرے سیکرٹری کی تنخواہ مجھ سے4گنا زیادہ ہے،اسٹیٹ بنک کی پالیسی کے مطابق کریڈٹ کارڈ بھی پارلیمنٹ کے ممبران کو جاری نہیں کیاجاتا۔

(جاری ہے)

آفتاب احمد خان شیرپاؤ نے کہاکہ وزیر خزانہ اسحٰق ڈار نے وعدہ کیا تھا مگر انہوں نے بھی وعدہ خلافی کی۔جمعرات کو قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران وزارت خزانہ سے متعلق سوالات کے موقع پر رکن اسمبلی زہرہ ودود فاطمی کے ضمنی سوال پر ایوان میں بحث چھڑ گئی۔ مولانا امیر زمان نے کہا کہ 60ہزار تنخواہ سے گزارہ نہیں ہوتا جس پر اسپیکر نے کہا کہ آپ کی بیوی ہے یا بیویاں مولانا امیر زمان نے کاہ کہ ایک ہی بیوی ہے جس پر اسپیکر نے کہا کہ مولانا امیرزمان کے تحفظات دور کیے جائیں۔رکن قومی اسمبلی جمشید خان دستی نے کہا کہ ان کا اپنا ذاتی گھر بھی نہیں ہے وہ اسمبلی اجلاس کیلئے بس میں اسلام آباد آتے ہیں۔