یمن میں فوجی آپریشن مکمل ہوچکا ہے،سعودی عرب کااعلان

یمنی فورسزکا عرب اتحاد کے ساتھ ملکر کام کرنے کا عزم،تعز میں حالات معمول پر آنا شروع ہوگئے

جمعرات 17 مارچ 2016 18:17

یمن میں فوجی آپریشن مکمل ہوچکا ہے،سعودی عرب کااعلان

صنعاء/الریاض(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔17 مارچ۔2016ء) یمن میں سعودی عرب کی قیادت میں فوجی اتحاد کے ترجمان نے اعلان کیا ہے کہ یمن میں حوثی شیعہ باغیوں اور ان کے اتحادیوں کے خلاف بڑی آپریشن تقریبا مکمل ہوچکا ہے اورفوجی کارروائیاں ختم ہونے کے قریب ہیں اور ان کے بعد اتحاد یمن میں استحکام کے لیے طویل المیعاد منصوبوں پر عمل پیرا ہو گا۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق بریگیڈیئر جنرل احمد العسیری نے جمعرات کو ایک بیان میں کہا کہ یمن میں بڑی فوجی کارروائیاں آخری مراحل میں ہیں۔ان کے بعد دوسرا مرحلہ تعمیرِنو کا ہوگا اور یہ جلد شروع کیا جائے گا۔انھوں نے واضح کیا کہ سعودی عرب اور اس کی قیادت میں اتحاد یمن کی قانونی حکومت کا ساتھ دیں گے اور اس کو ملک میں استحکام کی بحالی کے قابل ہونے تک مدد دیں گے۔

(جاری ہے)

ادھر مآرب میں یمن کی مسلح افواج کے ڈپٹی کمانڈر علی محسن الاحمر نے کہا کہ ان کی ٹیم عرب اتحاد کے ساتھ مل کر کام کرے گی اور وہ حوثی باغیوں کے ہاتھوں تباہ ہونے والے سرکاری اداروں کی تعمیرنو کرے گی۔یمن کے تیسرے بڑے شہر تعز میں صدر عبد ربہ منصور ہادی کی وفادار فورسز کے کنٹرول کے بعد حالات معمول پر آنا شروع ہوگئے اور وہاں خاندانوں کی واپسی کا سلسلہ بھی جاری ہے۔شہر میں دکانیں اور بازار کھل گئے ہیں اور معمولاتِ زندگی بحال ہو رہے ہیں۔حوثی باغیوں نے اس شہر کا کئی ماہ تک محاصرہ کیے رکھا تھا اور اس دوران گولہ باری کرکے شہر کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔

متعلقہ عنوان :