علماء کرام اور دینی جماعتوں کے قائدین آج خطبات جمعہ میں تحفظ نظریہ پاکستان کو موضوع بنائیں گے

جماعة الدعوة کے تحت یوم پاکستان کے حوالہ سے ملک گیر سطح پر پروگراموں کا آغاز ،آج فیصل آبادمیں نظریہ پاکستان کنونشن ہو گا

جمعرات 17 مارچ 2016 16:57

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔17 مارچ۔2016ء)جماعة الدعوة پاکستان کی اپیل پر آج18مارچ جمعہ کو ملک بھر میں علماء کرام اور دینی جماعتوں کے قائدین خطبات جمعہ میں تحفظ نظریہ پاکستان کو موضوع بنائیں گے اور وطن عزیزکے خلاف بیرونی سازشوں سے قو م کو آگاہ کیاجائے گا۔یوم پاکستان کے حوالہ سے ملک گیر سطح پر پروگراموں کا آغاز کر دیا گیا۔

آج جمعہ کو فیصل آبادمیں نظریہ پاکستان کنونشن ہو گا جبکہ 23مارچ تک پورے پاکستان میں نظریہ پاکستان مارچ‘ جلسوں، کانفرنسوں اور ریلیوں کے انعقادکا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔امیر جماعةالدعوة حافظ محمد سعیدکی جانب سے علما ء کرام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ خطبات جمعہ میں دشمنان اسلام کی پاکستان کے خلاف سازشوں اور نوجوان نسل کے عقیدے و ایمان برباد کرنے کی کوششوں کے خلاف آواز بلند کریں اور عوام الناس کو قیام پاکستان کے مقاصد اور نظریہ پاکستان کی اہمیت سے آگاہ کریں۔

(جاری ہے)

نظریہ پاکستان مہم کے سلسلہ میں جماعةالدعوة کی تیاریاں زوروشور سے جاری ہیں اور ملک بھر میں پروگراموں کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ملک گیر سطح پر ہونے والے نظریہ پاکستان مارچ اور کانفرنسوں میں مقامی مذہبی، سیاسی و سماجی تنظیموں کے قائدین اور رہنماؤں کو بھی شریک کیاجائے گا۔ بڑے شہروں میں ہونے والے نظریہ پاکستان کنونشن سے قومی مذہبی و سیاسی قیادت خطاب کرے گی۔جماعةالدعوة کی نظریہ پاکستان مہم میں لوگوں کی بھرپور دلچسپی دیکھنے میں آرہی ہے۔