Live Updates

قومی اسمبلی اجلاس ، تحریک انصاف کی حکومتی خارجہ پالیسی پر شدید تنقید

جمعرات 17 مارچ 2016 16:11

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔17 مارچ۔2016ء) قومی اسمبلی میں تحریک انصاف کے رکن اسمبلی مراد سعید نے پشاور میں ہونے والے دھماکے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے حکومت کی خارجہ پالیسی کو شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بھارت پاکستان میں دہشت گردی کو فروغ دے رہا ہے تو دوسری طرف ہمارے مشیر خارجہ بھارتی وزیر خارجہ کے ساتھ ناشتہ کررہے ہیں،حکومت بھارتی در اندازوں کو بے نقاب کرنے میں ناکام ہے۔

جمعرات کو ایوان میں نکتہ اعتراض پر اظہار خیال کرتے ہوئے مراد سعید نے کہا کہ حکمرانوں کا بھارت بارے نرم رویہ شہدائے کشمیر کے خون سے غداری کے مترادف ہے، بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی شدید خلاف ورزیاں اور کشمیری مسلمانوں کے قتل عام میں ملوث ہے، لیکن ہمارے وزیراعظم اور مشیر خارجہ بھارت کے ساتھ مذاکرات کے راگ الاپ رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بھارت میں دہشت گردی کا معمولی سے معمولی واقعہ ہوتا ہے تو وہ فورا پاکستان پر الزام دھر دیتا ہے،افغانستان میں بھارت کے چار قونصل خانے پاکستان کے خلاف دہشت گردی میں ملوث ہیں،بلوچستان اور کراچی میں دہشت گردی کے پیچھے بھارت کا ہاتھ ہے جس کے ٹھوس ثبوت بھی ملے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عوامی دباو پر ثبوت اقوام متحدہ لیکر گئی مگر پھر بھول گئی، سفارتی سطح پر معاملے کی پیروی نہیں کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ ایک دن مودی پاکستان کو دھمکی دیتے ہیں تو دوسے دن جاتی عمرہ میں شادی کی تقریب میں مہمان خصوصی بن کر آجاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ سب کیا ہے ؟ ہمیں بتایا جائے حکومت کی اصل میں خارجہ پالیسی کیا ہے ؟۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات